ٹورنٹو کے وسطی علاقے میں سلنڈر پھٹنے سے دھماکے
پولیس کے مطابق، شام تقریباً چھ بجے تعمیراتی جگہ پر آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ عینی شاہدین نے دھماکوں کی آوازیں سننے اور سڑک پر ملبہ گرنے کی تصدیق کی ہے
ٹورنٹو : کینیڈا کے صوبے اونٹاریو کے شہر ٹورنٹو کے زیریں علاقے (ڈاؤن ٹاؤن) میں جمعہ کی شام ایک زیرِ تعمیر عمارت کی چھت پر رکھے پروپین سلنڈروں کے پھٹنے سے زوردار دھماکے ہوئے، جس کے بعد فضا میں دھوئیں کے گہرے بادل چھا گئے۔
حکام کے مطابق، یہ واقعہ رچمنڈ اسٹریٹ ویسٹ اور جان اسٹریٹ کے قریب پیش آیا، جہاں فائر فائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔ ٹورنٹو فائر سروسز نے اطلاع دی ہے کہ آگ لگنے کے باعث "پروپین سلنڈروں کے پھٹنے، بلند شعلوں اور سیاہ دھوئیں” کا منظر دیکھا گیا۔
پولیس کے مطابق، شام تقریباً چھ بجے تعمیراتی جگہ پر آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ عینی شاہدین نے دھماکوں کی آوازیں سننے اور سڑک پر ملبہ گرنے کی تصدیق کی ہے۔
محکمہ فائر بریگیڈ نے بتایا کہ آگ کو جلد ہی کنٹرول کر لیا گیا اور اسے قریبی عمارتوں تک پھیلنے سے روک دیا گیا۔ ایک اعلیٰ اہلکار نے کہا، "پروپین سلنڈروں سے وابستہ دھماکوں کی اطلاعات تھیں، تاہم اب آگ مکمل طور پر بجھا دی گئی ہے۔” کینیڈا کے ذرائع ابلاغ کے مطابق، ایمبولینس سروسز کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا تھا، البتہ اس حادثے میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے