پہلی بار لوک سبھا الیکشن میں کے سی آر خاندان کا ایک فرد بھی نہیں
بی آر ایس کی تاریخ میں پہلی بار پارٹی صدر کے چندر شیکھر راؤ کے خاندان کاایک فرد بھی لوک سبھا انتخابات سے دور رہنے کا امکان ہے۔
حیدرآباد: بی آر ایس کی تاریخ میں پہلی بار پارٹی صدر کے چندر شیکھر راؤ کے خاندان کاایک فرد بھی لوک سبھا انتخابات سے دور رہنے کا امکان ہے۔
بی آر ایس کے آغاز کے وقت سے لے کر حالیہ اسمبلی انتخابات تک، ہر انتخاب میں، چاہے اسمبلی ہو یا لوک سبھا، کے سی آر کے خاندان کے افراد نے مقابلہ کیا تھا۔ قبل ازیں یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ کے سی آر‘ میدک سے، ان کی بیٹی کویتا نظام آباد سے اور ان کے بیٹے کے ٹی راما راؤ ملکاجگیری سے انتخابات لڑیں گے تاہم بی آر ایس قیادت نے ان تینوں حلقوں کے لیے دیگر امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔
بی آر ایس نے لوک سبھا انتخابات کے لیے نظام آباد کے لیے سابق ایم ایل اے باجی ریڈی گووردھن، میدک کے لئے ونٹرو پرتاپ ریڈی اور ملکاجگیری کے لیے آر لکشما ریڈی کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔
کویتا نے کئی بار اعلان کیا تھا کہ وہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں نظام آباد سے مقابلہ کرنے والی ہیں۔ تاہم، بی آر ایس قیادت نے باجی ریڈی گووردھن کو نظام آباد کے لیے اپنا امیدوار منتخب کیا۔
دوسری طرف قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ کے سی آر میدک لوک سبھا حلقہ سے انتخاب لڑیں گے اور اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس کی شکست کے بعد قومی سیاست پر توجہ مرکوز کریں گے مگر بی آر ایس ذرائع نے بتایا کہ کے سی آر لوک سبھا کا رکن بننے میں دلچسپی ظاہر نہیں کررہے ہیں۔