آندھرا پردیش میں سمندر میں ڈوبنے سے 4 نوجوانوں کی موت، 2 لاشیں برآمد
نوجوانوں کا ایک گروپ ساحل پر گیا تھا اور نہانے کے لیے سمندر میں اترا، تبھی ایک تیز لہر انہیں بہاکر لے گئی
اونگول : آندھرا پردیش کے پرکاشم ضلع کے سنگرائیکونڈا منڈل میں واقع پکالا ساحل پر ہفتے کے روز سمندر میں 4 نوجوان ڈوب گئے۔
پولیس نے بتایا کہ 8 نوجوانوں کا ایک گروپ ساحل پر گیا تھا اور نہانے کے لیے سمندر میں اترا، تبھی ایک تیز لہر انہیں بہاکر لے گئی۔
مقامی ماہی گیروں نے 4 نوجوانوں کو بچا لیا، لیکن باقی 4 ڈوب گئے۔ ان میں سے 2 کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں، جبکہ 2 دیگر لاپتہ ہیں۔ مرنے والوں کی شناخت پلاڈوگو تیجا (20) اور بٹولا مہیش بابو (22) کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ لاپتہ 2 نوجوانوں کے نام دیویندرا لا وشنو (16) اور دیویندرا نارائن (30) ہیں۔ مقامی ماہی گیروں اور سمندری عملے نے لاپتہ نوجوانوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔
آئی ٹی وزیر نارا لوکیش نے سمندر میں 4 نوجوانوں کے ڈوبنے پر دکھ اور حیرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے حکام کو لاپتہ نوجوانوں کی تلاش کی کوششیں تیز کرنے کی ہدایت دی اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
سابق وزیر اعلیٰ اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے صدر جگن موہن ریڈی نے پکالا ساحل پر سمندر میں نہانے گئے نوجوانوں کی موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوس ناک ہے کہ روشن مستقبل رکھنے والے نوجوانوں کی جان چلی گئی۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ وہ اب بھی لاپتہ افراد کا پتہ لگانے کے لیے بچاؤ اور تلاش کی کارروائی تیز کریں۔
مسٹر ریڈی نے جان گنوانے والے نوجوانوں کے اہل خانہ سے گہری تعزیت کا اظہار کیا۔