دہلی

حکومت‘ مہنگائی مزید گھٹائے گی:نرملا سیتارمن

وزیر فینانس نے واضح کیا کہ ہندوستان تیزی سے ترقی پذیر معیشت ہے۔ ڈوبے قرض (این پی ایز) کے تعلق سے نرملا سیتارمن نے کہا کہ مارچ 2022کے اختتام تک یہ بڑی حد تک گھٹ کر 7.28 فیصد ہوگئے۔

نئی دہلی: وزیر فینانس نرملا سیتارمن نے چہارشنبہ کے دن لوک سبھا میں تیقن دیا کہ حکومت مہنگائی مزید گھٹانے کے اقدامات کرے گی جو آر بی آئی کی بالائی قابل برداشت حد 6 فیصد سے نیچے آچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عام آدمی کے لئے مہنگائی مزید کم کریں گے۔

حکومت نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر مسلسل نظر رکھی ہے۔ وزیر فینانس نے واضح کیا کہ ہندوستان تیزی سے ترقی پذیر معیشت ہے۔ ڈوبے قرض (این پی ایز) کے تعلق سے نرملا سیتارمن نے کہا کہ مارچ 2022کے اختتام تک یہ بڑی حد تک گھٹ کر 7.28 فیصد ہوگئے۔

 امریکی ڈالر کے مقابلہ روپے کی گھٹتی قدر پر انہوں نے کہا کہ دیگر کرنسیوں کے مقابلہ یہ کم ہے۔ ورلڈ بینک کی رپورٹ کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں بیرونی زرمبادلہ کے ذخائر سب سے زیادہ ہیں۔ بعدازاں ایوان نے ضمنی مطالبات ِ زر کو منظوری دے دی۔ حکومت کو اب مالی سال 2023 میں مزید 3.25 لاکھ کروڑ روپے خرچ کرنے کا اختیار مل گیا ہے۔