یوروپ

تین مرتبہ میئر لندن رہنے والے صادق خان کے لیے برطانیہ کا بڑا اعزاز

برطانیہ میں تاحیات لارڈ شپ ایک ایسا اعزاز ہے جو کسی شخصیت کو عوامی خدمات، سیاست، سماجی کام یا قومی سطح پر نمایاں کردار ادا کرنے پر دیا جاتا ہے

برطانیہ کے وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے ہاؤس آف لارڈز کے لیے نئی نامزدگیوں کا اعلان کر دیا ہے، جن میں لندن کے تین مرتبہ منتخب ہونے والے میئر صادق خان کا نام بھی شامل ہے۔ اس اعلان کے بعد صادق خان کو تاحیات لارڈ (Life Peer) بنایا جائے گا، جس کے بعد وہ برطانوی پارلیمان کے ایوانِ بالا ہاؤس آف لارڈز کے رکن بن جائیں گے۔

برطانیہ میں تاحیات لارڈ شپ ایک ایسا اعزاز ہے جو کسی شخصیت کو عوامی خدمات، سیاست، سماجی کام یا قومی سطح پر نمایاں کردار ادا کرنے پر دیا جاتا ہے۔ اس اعزاز کے حامل افراد اپنی زندگی بھر کے لیے ہاؤس آف لارڈز کے رکن بن جاتے ہیں، تاہم یہ خطاب وراثتی طور پر منتقل نہیں ہوتا

صادق خان پہلی مرتبہ لندن کے میئر 2016 میں منتخب ہوئے تھے اور بعد ازاں 2021 اور 2024 میں بھی کامیابی حاصل کی۔ وہ لندن کے پہلے مسلمان میئر ہیں اور برطانوی سیاست میں ایک نمایاں شخصیت سمجھے جاتے ہیں۔

ان کی قیادت میں ٹرانسپورٹ، ماحولیاتی پالیسی، رہائش اور شہری سہولیات سے متعلق متعدد منصوبے متعارف کرائے گئے۔

تاحیات لارڈ بننے کے بعد صادق خان اپنے نام کے ساتھ لارڈ کا خطاب استعمال کر سکیں گے۔ ہاؤس آف لارڈز میں قانون سازی اور پالیسی مباحث میں حصہ لیں گے۔ یہ اعزاز ان کی زندگی تک برقرار رہے گا، تاہم یہ موروثی نہیں ہوگا