حیدرآباد

گروپ 4 کی ملازمتوں کیلئے جلد نوٹیفکیشن جاری کیاجائے گا: ہریش راو

وزیر موصوف نے کہا کہ تلنگانہ حکومت جلد ہی گروپ 4 کی ملازمتوں کو پُرکرنے کے اقدامات کرے گی جس کے لیے ایک نوٹیفکیشن جاری کیاجائے گا۔ان تقررات میں 95 فیصد مقامی ریزرویشن پر عمل کیاجائے گا۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر فائنانس ہریش راؤ نے انکشاف کیا ہے کہ جلد ہی ریاست میں گروپ 4 کی ملازمتوں کو پُرکرنے کے لیے جلد ہی نوٹیفکیشن جاری کیاجائے گا۔ وزیر موصوف نے سدی پیٹ میں کے سی آر فری ٹریننگ کیمپ کے ذریعہ جسمانی فٹنس کی تربیت حاصل کرنے والے 300 امیدواروں کو اپنے خرچ پر دودھ، ابلے ہوئے انڈے اور پھلوں کی تقسیم کے پروگرام کا آغاز کیا۔

 اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پولیس کی ملازمت کیلئے فزیکل ٹسٹ امتحان کامیاب کرنا ضروری ہے۔انہوں نے مرکز کی مودی حکومت پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی حکومت نے اگنی پتھ کے نام پر کنٹریکٹ پالیسی متعارف کرواتے ہوئے نامناسب کام کیا ہے۔

 وزیر موصوف نے کہا کہ تلنگانہ حکومت جلد ہی گروپ 4 کی ملازمتوں کو پُرکرنے کے اقدامات کرے گی جس کے لیے ایک نوٹیفکیشن جاری کیاجائے گا۔ان تقررات میں 95 فیصد مقامی ریزرویشن پر عمل کیاجائے گا۔

انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھرمیں ان کی جانب سے کے سی آرمفت تربیتی کیمپ سے تربیت حاصل کرنے والے 333 امیدواروں نے کانسٹیبل کی ملازمتوں کے لیے کوالیفائی کیا ہے جبکہ 199 امیدواروں نے ایس آئی کے عہدوں کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔

ان میں 342 مرد اور 190 خواتین ہیں۔جملہ580 امیدواروں نے کوالیفائی کیا ہے۔ وزیرموصوف نے ان تمام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ تلنگانہ حکومت نے 91 ہزار ملازمتوں کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں سے 17 ہزار پولیس کی ملازمتیں ہیں اور یہ کے سی آرٹریننگ پروگرام نوجوانوں میں نیا جوش و جذبہ پیدا کرنے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔