دہلی

ہیلو پھرینڈس : تنقیدوں کی بوچھاڑ کے بعد وزیر اعظم نریندرمودی کی ایک اور سیلفی ویڈیو وائرل

نیٹ (NEET) پیپر لیک تنازع کے بعد طلبہ سے اپنے تیسرے ویڈیو پیغام میں وزیر اعظم مودی نے کہا کہ حکومت طلبہ کے مستقبل کے تحفظ کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے امتحانی نظام میں شفافیت اور اعتماد بحال کرنے کے لیے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ معروف ٹیکنالوجی ماہر نندن نیلیکنی کی قیادت میں ہائی پاورڈ ٹاسک فورس تشکیل دی جا رہی ہے، جو ملک میں امتحانی اصلاحات (Exam Reforms) پر کام کرے گی۔

نیٹ (NEET) پیپر لیک تنازع کے بعد طلبہ سے اپنے تیسرے ویڈیو پیغام میں وزیر اعظم مودی نے کہا کہ حکومت طلبہ کے مستقبل کے تحفظ کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ "جن لوگوں نے طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کیا، وہ آج جیلوں میں ہیں۔ حکومت نے فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کر دی ہیں اور پارلیمنٹ میں سخت قانونی دفعات کے ساتھ نیا قانون لانے کی سمت بھی کام جاری ہے۔”

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ حکومت کا مقصد ایسا امتحانی نظام قائم کرنا ہے جو قابلِ اعتماد، شفاف اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہو۔ اسی مقصد کے تحت عالمی شہرت یافتہ ٹیکنالوجی ماہر نندن نیلیکنی کی سربراہی میں ایک ہائی پاورڈ ٹاسک فورس تشکیل دی جا رہی ہے، جو امتحانی نظام میں اصلاحات کے لیے سفارشات پیش کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس ٹاسک فورس کی رپورٹ کی بنیاد پر مستقبل کے امتحانات کو مزید محفوظ، شفاف اور قابلِ اعتماد بنایا جائے گا تاکہ پیپر لیک جیسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

واضح رہے کہ 23 جولائی کو وزیر اعظم مودی نے اپنے پہلے ویڈیو پیغام میں پیپر لیک کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کا یقین دلایا تھا، جبکہ 24 جولائی کو جاری دوسرے ویڈیو پیغام میں انہوں نے طلبہ کی جانب سے ملنے والے ردعمل پر اظہارِ تشکر کیا تھا۔

اب 26 جولائی کو جاری اپنے تیسرے ویڈیو پیغام میں وزیر اعظم نے امتحانی اصلاحات کے لیے نندن نیلیکنی کی قیادت میں ہائی پاورڈ ٹاسک فورس قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے امتحانی نظام میں ٹیکنالوجی کے زیادہ سے زیادہ استعمال اور شفافیت کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔