کیرالہ اسمبلی انتخابات 2026 میں انڈین یونین مسلم لیگ (آئی یو ایم ایل) کی تاریخی فتح
کیرالہ اسمبلی انتخابات 2026 میں انڈین یونین مسلم لیگ (آئی یو ایم ایل) نے شاندار اور تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ریاستی اسمبلی میں 22 نشستیں جیت لیں۔ آزادی کے بعد یہ پارٹی کی سب سے بڑی انتخابی کامیابی قرار دی جا رہی ہے، جس پر پارٹی قیادت اور کارکنوں میں زبردست خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
حیدرآباد: کیرالہ اسمبلی انتخابات 2026 میں انڈین یونین مسلم لیگ (آئی یو ایم ایل) نے شاندار اور تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ریاستی اسمبلی میں 22 نشستیں جیت لیں۔ آزادی کے بعد یہ پارٹی کی سب سے بڑی انتخابی کامیابی قرار دی جا رہی ہے، جس پر پارٹی قیادت اور کارکنوں میں زبردست خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
آئی یو ایم ایل نے مجموعی طور پر 27 امیدوار میدان میں اتارے تھے، جن میں سے 22 امیدوار کامیاب رہے۔ پارٹی رہنماؤں نے اس کامیابی کو “تاریخ ساز فتح” قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے مسلم لیگ کی خدمات، سیکولر سیاست اور عوامی مسائل کے حل پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
انتخابات میں ایک اہم سنگ میل بھی اس وقت قائم ہوا جب 78 سالہ پارٹی تاریخ میں پہلی مرتبہ خاتون امیدوار فاطمہ تہلیا اسمبلی کے لیے منتخب ہوئیں۔ پارٹی حلقوں نے اسے خواتین کی سیاسی نمائندگی کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔
کیرالہ میں کانگریس کی قیادت والے متحدہ جمہوری محاذ (یو ڈی ایف) اتحاد کو واضح اکثریت حاصل ہوئی ہے، جس میں آئی یو ایم ایل نے اہم کردار ادا کیا۔ سیاسی مبصرین کے مطابق نئی حکومت میں مسلم لیگ کو نمایاں نمائندگی ملنے کا امکان ہے، جبکہ ایک مسلم لیگ ایم ایل اے کے ڈپٹی چیف منسٹر بننے کی قیاس آرائیاں بھی جاری ہیں۔
تاہم پارٹی کے ریاستی صدر سید صادق علی شہاب تھنگل نے واضح کیا کہ پارٹی نے باضابطہ طور پر کسی عہدے کا مطالبہ نہیں کیا، البتہ پارٹی کے اندر یہ احساس ضرور موجود ہے کہ حکومت میں مناسب حصہ ملنا چاہیے۔
رپورٹس کے مطابق تمل ناڈو اسمبلی انتخابات میں بھی آئی یو ایم ایل کے دو امیدوار کامیاب ہوئے ہیں، جس سے جنوبی ہند میں پارٹی کی سیاسی موجودگی مزید مضبوط ہوئی ہے۔
دریں اثنا، انڈین یونین مسلم لیگ تلنگانہ کے ریاستی صدر محمد شکیل ایڈوکیٹ نے پارٹی کی قومی قیادت کو مبارکباد پیش کی، جن میں قومی صدر پروفیسر کے ایم قادر محدین، ریاستی صدر سید صادق علی شہاب تھنگل، قومی جنرل سیکریٹری پی کے کنہالی کٹی اور دیگر سرکردہ قائدین شامل ہیں۔
محمد شکیل نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی تلنگانہ میں بھی عوامی خدمت، ترقی اور خوشحالی کے عزم کے ساتھ آگے بڑھے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کیرالہ ماڈل کی کامیابی کو تلنگانہ سمیت دیگر ریاستوں میں بھی دہرایا جائے گا۔