شوہر نے بیوی کو عمارت کی چھت کی ریلنگ سے لٹکا دیا، ویڈیو وائرل
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک چونکا دینے والی ویڈیو میں ایک شخص کو دیکھا جا سکتا ہے جو اپنی بیوی کو ایک اپارٹمنٹ کی چھت کی ریلنگ سے لٹکائے ہوئے ہے۔

دہرادون (اتراکھنڈ): اتراکھنڈ سے ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جس نے نہ صرف سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا بلکہ گھریلو تشدد کے خطرناک بڑھتے رجحان پر بھی سنگین سوالات کھڑے کر دئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک چونکا دینے والی ویڈیو میں ایک شخص کو دیکھا جا سکتا ہے جو اپنی بیوی کو ایک اپارٹمنٹ کی چھت کی ریلنگ سے لٹکائے ہوئے ہے۔ ویڈیو میں عورت کی جان خطرے میں دکھائی دیتی ہے جبکہ آس پاس کے لوگ چیخ چیخ کر اسے ایسا نہ کرنے کی التجا کر رہے ہیں۔
یہ ویڈیو تقریباً 31 سکنڈ طویل ہے، جس میں صاف نظر آتا ہے کہ ایک شخص (جو خاتون کا شوہر ہے) اپنی بیوی کو اوپری منزل (ٹاپ فلور) کی ریلنگ سے نیچے لٹکائے ہوئے ہے۔ ریلنگ کی دوسری طرف عورت کا پورا جسم جھول رہا ہوتا ہے، جبکہ شوہر اس کے دونوں ہاتھ پکڑے ہوتا ہے۔ نیچے موجود لوگ بلند آواز میں چیخ رہے ہوتے ہیں:
"چھوڑو نہیں!”، "او بھائی مت کرو ایسا!”
لیکن شوہر پر ان آوازوں کا کوئی اثر ہوتا نظر نہیں آتا۔
ویڈیو کے اختتام میں یہ دیکھا جا سکتا ہے کہ مقامی لوگوں کی مدد سے خاتون کو بحفاظت اوپر کھینچ لیا جاتا ہے اور ایک ممکنہ سانحہ ہوتے ہوتے ٹل جاتا ہے۔ مگر اس مختصر وقت نے دیکھنے والوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو چکی ہے۔ صرف ایک اکاؤنٹ پر اس ویڈیو کو 1 لاکھ 36 ہزار سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔ صارفین کی بڑی تعداد نے اس واقعہ پر شدید غصے کا اظہار کیا ہے:
ایک صارف نے لکھا "بھائی، اتنی بھی کیا لڑائی؟ پاگل ہو کیا؟”
دوسرے نے کہا "اب جا سیدھا قتل کی کوشش کے کیس میں جیل، بےوقوف کہیں کا!”
کئی سوشل میڈیا صارفین نے شوہر کے خلاف قتل کی کوشش (Attempt to Murder) کا مقدمہ درج کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ اگر خاتون کا ہاتھ چھوٹ جاتا، تو وہ لمحوں میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتی۔
یہ واقعہ صرف ایک گھریلو جھگڑے کا معاملہ نہیں، بلکہ یہ گھریلو تشدد (Domestic Violence) اور دماغی صحت (Mental Health) کے مسائل کی سنگینی کو بھی ظاہر کرتا ہے۔ ایسے واقعات اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ آج کے معاشرے میں ازدواجی رشتے شدید دباؤ اور عدم برداشت کا شکار ہو چکے ہیں۔
واقعہ کے بعد پولیس کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور جلد ہی اس شوہر کے خلاف مناسب قانونی کارروائی متوقع ہے۔