حیدرآباد کے علاقہ ٹپہ چبوترہ میں اچانک عجیب وغریب بو،کئی افراد نے رات جاگ کر گذاری
حیدرآباد: شہرحیدرآباد کے علاقہ ٹپہ چبوترہ میں کل شب اچانک عجیب وغریب بو سے مقامی افراد میں تشویش پھیل گئی جو بڑی تعداد میں گھروں سے باہر نکل گئے۔

حیدرآباد: شہرحیدرآباد کے علاقہ ٹپہ چبوترہ میں کل شب اچانک عجیب وغریب بو سے مقامی افراد میں تشویش پھیل گئی جو بڑی تعداد میں گھروں سے باہر نکل گئے۔
مقامی افراد نے شبہ ظاہر کیا کہ یہ زہریلی گیس یا پھر کمیکل کی بو ہوسکتی ہے۔
کئی افراد نے اس واقعہ پر فکرمندی کااظہار کیا۔ کئی افراد کو اپنے رشتہ داروں کی خیریت معلوم کرتے ہوئے دیکھاگیا۔
بتایاجاتا ہے کہ بعض افراد اس سے متاثر ہوئے۔ ٹپہ چبوترہ کی 5 کالونیوں میں اس طرح کی صورتحال دیکھی گئی۔
ٹپہ چبوترہ، کلثوم پورہ،کمیلہ روڈ، یوسف نگر، کاروان، نٹراج نگر اور مہیش کالونی کے مکینوں نے رات خوف کے عالم میں گذاری۔
شہریوں نے کہا کہ تقریبا دو گھنٹے تک یہ عجیب وغریب قسم کی بو کا ان کو سامنا کرناپڑا۔
انہوں نے کہاکہ چھوٹے بچے اور ضعیف افراد کو اس بو سے کافی مشکل صورتحال کاسامنا کرناپڑا۔
بعض افراد کو اس بو سے الٹیاں بھی ہونے لگیں۔ مقامی افراد نے کہا کہ تقریبا تین بجے شب یہ واقعہ پیش آیا۔
اچانک رات میں اس طرح کی صورتحال کا ان کو قبل ازیں سامنا نہیں ہوا۔
مقامی افراد نے چوکسی کامظاہر کیااوراس بات کی اطلاع پولیس کو دی جس کے بعد اے سی پی اور پولیس کے دیگر عہدیداروں نے مختلف مقامات کا معائنہ کیا۔
پولیس نے شبہ ظاہر کیا کہ یہ بو زہریلے دھویں کی وجہ سے آسکتی ہے۔ مقامی افرادکی شکایت پر ڈی آر ایف کی ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے اور صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔