حج کمیٹی کی اہم اپیل، حج 2027 کے امیدوار پاسپورٹ بروقت بنوائیں
حج کمیٹی کے مطابق عازمین کا پاسپورٹ جدید مشینی نظام کے مطابق قابلِ مطالعہ ہونا چاہیے اور اس کی معیاد کم از کم 31 دسمبر 2027 تک برقرار رہنی ضروری ہے۔ مزید برآں، نئے پاسپورٹ کے لیے درخواست دینے والے افراد کو اس بات کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے کہ پاسپورٹ فارم میں خاندانی نام (Surname) کا خانہ ہرگز خالی نہ چھوڑا جائے، کیونکہ سعودی حکام کی جانب سے یہ شرط لازمی قرار دی گئی ہے۔
ممبئی : حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2027 (1448 ہجری) کے انتظامات کے سلسلے میں ایک اہم سرکولر جاری کرتے ہوئے ملک بھر کے خواہش مند عازمینِ حج کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے پاسپورٹ اور دیگر ضروری دستاویزات کی تیاری ابھی سے مکمل کر لیں، تاکہ حج درخواستوں کے آغاز کے وقت کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
حج کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ سرکولر کے مطابق مملکتِ سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے 29 مئی 2026 کو حج 1448 ہجری (حج 2027) کی تیاریوں سے متعلق رہنما دستاویز جاری کر دی ہے۔ اس اقدام کے ساتھ ہی حج 2027 کے انتظامات کے ابتدائی مراحل کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے، جب کہ آئندہ دنوں میں حج کے سرکاری اعلان اور درخواستی عمل کے آغاز کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
سرکولر میں واضح کیا گیا ہے کہ مرکزی حج کمیٹی کے ذریعے حج کی سعادت حاصل کرنے کے خواہش مند افراد اپنی دستاویزات کی جانچ اور تیاری بروقت مکمل کر لیں۔ بالخصوص پاسپورٹ کے حوالے سے چند اہم شرائط پر عمل درآمد لازمی قرار دیا گیا ہے۔
حج کمیٹی کے مطابق عازمین کا پاسپورٹ جدید مشینی نظام کے مطابق قابلِ مطالعہ ہونا چاہیے اور اس کی معیاد کم از کم 31 دسمبر 2027 تک برقرار رہنی ضروری ہے۔ مزید برآں، نئے پاسپورٹ کے لیے درخواست دینے والے افراد کو اس بات کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے کہ پاسپورٹ فارم میں خاندانی نام (Surname) کا خانہ ہرگز خالی نہ چھوڑا جائے، کیونکہ سعودی حکام کی جانب سے یہ شرط لازمی قرار دی گئی ہے۔
سنٹرل حج کمیٹی نے تمام ریاستی حج کمیٹیوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حج کمیٹیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس سرکلر کی تفصیلات وسیع پیمانے پر عوام تک پہنچائیں، تاکہ حج کے خواہش مند افراد بروقت تیاری کر سکیں اور بعد ازاں دستاویزی خامیوں کے باعث مشکلات سے دوچار نہ ہوں۔
حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکٹو افسر شاہنواز سی کی جانب سے جاری کردہ اس سرکلر کی نقول وزارتِ اقلیتی امور، نئی دہلی، جدہ میں قائم ہندوستانی قونصل خانے اور ملک بھر کی ریاستی حج کمیٹیوں کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔
حج خدمات اور انتظامات سے وابستہ حلقوں کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے تیاریوں کے عمل کے آغاز کے بعد حج 2027 کے باضابطہ اعلان اور درخواستوں کے اجرا کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ ایسے میں خواہش مند عازمین کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے پاسپورٹ، شناختی دستاویزات اور دیگر مطلوبہ کاغذات کی تیاری ابھی سے مکمل کر لیں، تاکہ حج درخواست جمع کرانے کے وقت کسی رکاوٹ یا تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔