حیدرآباد

خلائی دوڑ میں بھارت کی بڑی جیت، ‘وکرم-1’ نے مدار تک کا کامیاب سفرمکمل کیا

تقریباً 15 منٹ کے سفر کے بعد راکٹ 450 کلومیٹر بلند لو ارتھ آربٹ (ایل ای او) میں کامیابی سے پہنچ گیا

حیدرآباد :   حیدرآباد کی خلائی ٹیکنالوجی کمپنی اسکائی روٹ ایرو اسپیس، جس نے وکرم-1 راکٹ کو ڈیزائن اور تیار کیا ہے، نے ہفتہ کو شری ہری کوٹا کے شار رینج سے اپنے پہلے آزمائشی مشن "مشن آگمن” کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ "وکرم-1 نے مدار حاصل کر لیا، تاریخ رقم ہو گئی۔”

تکنیکی خرابی کے باعث تقریباً 35 منٹ کی تاخیر کے بعد بھارت کا پہلا نجی طور پر تیار کردہ آربیٹل کلاس راکٹ وکرم-1 اپنی پہلی ہی پرواز میں کامیابی کے ساتھ اپنے مقررہ مدار میں پہنچ گیا، جسے ملک کے خلائی پروگرام میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

"مشن آگمن” کے نام سے موسوم پہلی آزمائشی پرواز دوپہر 12 بج کر 5 منٹ پر شری ہری کوٹا کے ستیش دھون خلائی مرکز کے پہلے لانچ پیڈ سے روانہ کی گئی۔ تقریباً 15 منٹ کے سفر کے بعد راکٹ 450 کلومیٹر بلند لو ارتھ آربٹ (ایل ای او) میں کامیابی سے پہنچ گیا، جس پر مشن کنٹرول سینٹر میں موجود بھارتی خلائی سائنس دانوں اور اسکائی روٹ ایرو اسپیس کی ٹیم نے خوشی کا اظہار کیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر اسکائی روٹ نے لکھاکہ "ہیلو خلا، ہم آ گئے! وکرم-1 کی ٹیسٹ فلائٹ-1 نے اپنا مشن کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔ بھارت کے نجی شعبے کی جانب سے پہلی خلائی لانچ کامیابی کے ساتھ انجام دی گئی ہے۔‘‘