مشرق وسطیٰ

ایرانی میڈیا فیک نیوز پھیلارہا ہے، ہم نے اسلامی جمہوریہ کے 9 نیوکلیر سائنسدانوں کا خاتمہ کردیا: آئی ڈی ایف

اسرائیل ڈیفنس فورسس(آئی ڈی ایف) نے ہفتہ کے دن ایرانی میڈیا پر الزام عائد کیا کہ وہ جھوٹ پھیلارہا ہے۔ اس نے 2 اسرائیلی F35 لڑاکا طیاروں کو مار گرانے کی خبروں کو فیک نیوز قراردیا۔

یروشلم (آئی اے این ایس) اسرائیل ڈیفنس فورسس(آئی ڈی ایف) نے ہفتہ کے دن ایرانی میڈیا پر الزام عائد کیا کہ وہ جھوٹ پھیلارہا ہے۔ اس نے 2 اسرائیلی F35 لڑاکا طیاروں کو مار گرانے کی خبروں کو فیک نیوز قراردیا۔

ایران نے ہفتہ کے دن دعویٰ کیا کہ اس کی فوج کی ایر ڈیفنس فورس نے کامیابی کے ساتھ 2 اسرائیلی F35 لڑاکے طیارے اور کئی دیگر مائیکرو ایروہیکلس مار گرائے۔ آئی ڈی ایف ترجمان نے سوشل میڈیا پر اسے پوری طرح فیک نیوز قراردیا اور کہا کہ حکومت ِ ایران جھوٹ پھیلارہی ہے جبکہ ہم ایران کے حقیقی خطرات سے نمٹ رہے ہیں۔

آج صبح شمالی اسرائیل میں ایک ایرانی یو اے وی کو مارگرایا گیا۔ اسرائیلی ڈیفنس فورسس (آئی ڈی ایف) نے ہفتہ کے دن اعلان کیا کہ اس نے اپنے فوجی آپریشن کے ابتدائی مرحلہ میں ایران کے 9 نیوکلیر سائنسدانوں کا خاتمہ کردیا۔ یہ آپریشن جمعہ کی صبح شروع ہوا تھا۔

آئی ڈی ایف نے جاریہ آپریشن کو ایران کے نیوکلیر عزائم کے لئے بڑا دھکا قراردیا۔ اس نے کہا کہ جو سائنسداں مارے گئے وہ ایران کو نیوکلیر اسلحہ سے لیس کرنے میں سرگرم تھے۔ مارے گئے سائنسداں اور ماہرین‘ ایرانی نیوکلیر پراجکٹ کا اہم ذریعہ تھے۔ انہیں مجموعی طورپر کئی دہوں کا نیوکلیر اسلحہ کی تیاری کا تجربہ تھا۔

مارے گئے سائنسدانوں کے نام فریدون عباسی (نیوکلیر انجینئرنگ ماہر)‘ محمد مہدی تہرانچی (ماہر طبیعات)‘ اکبر مطلبی زادہ (کیمیکل انجینئرنگ ماہر)‘ سعید برجی (مٹیریل انجینئرنگ ماہر)‘ امیر حسن فقہی (ماہر طبیعات)‘ عبدالحمید منوشہر (ری ایکٹر فزکس ماہر)‘ منصور اصغری (ماہر طبیعات)‘ احمد رضا ذوالفقاری دریانی (نیوکلیر انجینئر) اور علی بقی کتریمی (میکانیکل ماہر) بتائے گئے ہیں۔

آئی ڈی ایف نے یہ بھی کہاکہ ان میں کئی مرحوم نیوکلیر سائنسداں محسن فخری زادہ کے جانشین سمجھے جاتے تھے۔ محسن فخری زادہ کو ایران کا بابائے نیوکلیر پراجکٹ کہا جاتا ہے جنہیں 2020 میں قتل کردیا گیا تھا۔