کرناٹک

کرناٹک کابینہ میں توسیع‘ 24 وزرا نے لیا حلف ‘رحیم خان بھی شامل

بیدر کے سینئر کانگریس قائد رحیم خان نے اللہ کے نام پر حلف لیا۔ ضلع بیلاری میں بی جے پی کے طاقتور قائد بی سری راملو کو ہرانے والے بی ناگیندر نے مہارشی والمیکی اور بھگوان کے نام پر حلف لیا۔

بنگلورو: کرناٹک میں ہفتہ کے دن کانگریس پارٹی کی مکمل کابینہ وجود میں آگئی۔ راج بھون میں 24 کابینی وزرا نے حلف لیا۔ گورنر تھاورچند گہلوت نے نئے کابینی وزرا کو حلف دلایا۔ چیف منسٹر سدارامیا‘ ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیو کمار اور اسپیکر یو ٹی قادر نے نئے وزرا کو مبارکباد دی۔

متعلقہ خبریں
کابینہ کے فیصلوں پر بحث، چیف منسٹر ریونت ریڈی کی وضاحت
میں بلیوں کونہیں بلکہ شیروں کونشانہ بناؤں گا۔چیف منسٹر کے تبصرہ کے بعد بی آر ایس کیڈرمیں ہلچل
امیٹھی سے میرے الیکشن لڑنے کا فیصلہ پارٹی کرے گی: راہول گاندھی
قرض کی فراہمی کو بینکرس سماجی ذمہ داری تسلیم کریں۔ ڈپٹی چیف منسٹر کا مشورہ
شرمیلا کی ڈپٹی چیف منسٹر کرناٹک شیو اکمار سے ملاقات

 تقریب حلف برداری سے قبل میڈیا سے بات چیت میں سدارامیا نے کہا کہ کابینی وزرا کو قلمدان آج یا کل الاٹ ہوجائیں گے۔ سینئر کانگریس قائد ایچ کے پاٹل‘ این چیلوارائے سوامی‘ کے وینکٹیش‘ ایشور کھنڈرے‘ شرن بسپا باپو گوڑا درشن پوراور آر وی تمن پور نے بھگوان کے نام پر حلف لیا۔

کانگریس قائدین شیوراج تنگڑگی‘ شرن پرکاش ردرپا پاٹل‘ منکال ویدیا‘ ڈی سدھاکر‘ سنتوش لاڈ‘ این ایس بوسے راجو‘ بھیرتی سریش‘ مدھو بنگارپااور ایم سی سدھاکر نے بھی اوپر کے نام پر حلف لیا۔

کانگریس قائد ایچ سی مہادیواپا نے سچائی اور وفاداری کے نام پر حلف لیا جبکہ کے این راجنا نے گوتم بدھ‘ بسوا‘ امبیڈکر اور مہارشی والمیکی کے نام پر حلف لیا۔ کانگریس قائد شیوآنند پاٹل نے بسونا اور ایس ایس ملیکارجن نے بھگوان کالیشور کے نام پر حلف لیا۔

لکشمی ہیبلکر نے جگ جیوتی بسویشور‘ چھترپتی شیواجی‘ ڈاکٹر امبیڈکر‘ رائے دہندوں اور اپنی ماں کے نام پر حلف لیا۔ بیدر کے سینئر کانگریس قائد رحیم خان نے اللہ کے نام پر حلف لیا۔

 ضلع بیلاری میں بی جے پی کے طاقتور قائد بی سری راملو کو ہرانے والے بی ناگیندر نے مہارشی والمیکی اور بھگوان کے نام پر حلف لیا۔ کرشنا بائرے گوڑا اور دنیش گنڈو راؤ نے بھی حلف لیا۔ مدھو بنگارپا‘ بی ناگیندر‘ ایم سی سدھاکر‘ لکشمی ہیبلکر‘ بھیرتی سریش‘ منکال ویدیا اور این ایس بوسے راجو پہلی مرتبہ کابینی وزیر بنے ہیں۔