کرناٹک: ہوم اسٹے میں امریکی خاتون سے مبینہ زیادتی، مالک سمیت دو افراد گرفتار
ریاست کرناٹک کے ضلع کوڈاگو میں ایک ہوم اسٹے کے دوران امریکی خاتون کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کا سنگین معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ہوم اسٹے کے ایک کارکن اور مالک کو گرفتار کر لیا ہے۔
کوڈاگو: ریاست کرناٹک کے ضلع کوڈاگو میں ایک ہوم اسٹے کے دوران امریکی خاتون کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کا سنگین معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ہوم اسٹے کے ایک کارکن اور مالک کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس میں درج شکایت کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کٹہ گاؤں کے ایک ہوم اسٹے میں پیش آیا۔
ریاست جھارکھنڈ سے تعلق رکھنے والے کارکن ورجیش کمار پر الزام ہے کہ اس نے قیام گاہ پر کام کے دوران خاتون کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایا۔
ہوم اسٹے کے مالک کو بھی واقعے کی پردہ پوشی اور شواہد چھپانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ مالک پر الزام ہے کہ اس نے تین دن تک ہوم اسٹے کی وائی فائی سروس منقطع رکھی تاکہ متاثرہ خاتون کسی سے رابطہ نہ کر سکے۔
انٹرنیٹ سروس بحال ہونے کے بعد، متاثرہ خاتون میسور جانے کے بہانے وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہوئیں اور فوری طور پر امریکی سفارت خانے کو واقعے کی اطلاع دی۔ امریکی حکام نے میسور پولیس کو ای میل کے ذریعے مطلع کیا، جس کے بعد کٹہ پولیس اسٹیشن میں باقاعدہ مقدمہ درج کیا گیا۔
کوڈاگو کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ( ایس پی ) نے تصدیق کی ہے کہ غیر ملکی خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے 3 مئی تک عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس معاملے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے تاکہ تمام حقائق سامنے لائے جا سکیں۔