قومی

کیرالہ کی 16ویں اسمبلی کا اجلاس شروع، نو منتخب اراکین نے حلف لیا

اراکین اسمبلی کو حروفِ تہجی کی ترتیب کے مطابق حلف دلایا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ وی ڈی ستیشن، قائد حزب اختلاف پنارائی وجین اور حکمراں یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف)، لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ (ایل ڈی ایف) اور نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے ارکان موجود تھے۔ سال 2026 کے کیرالہ اسمبلی انتخابات کے بعد نئی اسمبلی کی تشکیل کو باضابطہ شکل دینے کے لیے یہ اجلاس منعقد کیا گیا۔

ترواننت پورم: کیرالہ اسمبلی کی 16ویں اسمبلی کا پہلا اجلاس جمعرات کی صبح نو بجے اسمبلی احاطے میں شروع ہوا، جس میں نو منتخب اراکین اسمبلی نے پروٹیم اسپیکر جی سدھاکرن کی نگرانی میں عہدے اور رازداری کا حلف لیا۔

اراکین اسمبلی کو حروفِ تہجی کی ترتیب کے مطابق حلف دلایا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ وی ڈی ستیشن، قائد حزب اختلاف پنارائی وجین اور حکمراں یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف)، لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ (ایل ڈی ایف) اور نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے ارکان موجود تھے۔ سال 2026 کے کیرالہ اسمبلی انتخابات کے بعد نئی اسمبلی کی تشکیل کو باضابطہ شکل دینے کے لیے یہ اجلاس منعقد کیا گیا۔

میٹنگ شروع ہونے سے قبل حکمراں جماعت کے سینئر ترین رکن اسمبلی جی سدھاکرن نے گورنر راجیندر آرلیکرسے حلف لینے کے بعد پروٹیم کا عہدہ سنبھالا۔ سابق وزیر اعلیٰ پنارائی وجین اور دیگر سینئر رہنماؤں کے ان سے پہلے حلف لینے سے متعلق جاری بحث پر انہوں نے کہا کہ انہیں ایسی بحثوں میں کوئی دلچسپی نہیں اور وہ تمام اراکین کو یکساں نظر سے دیکھتے ہیں۔

نئی اسمبلی کا پہلا اجلاس صرف حلف برداری کے لیے طلب کیا گیا تھا۔ ایوان کا اجلاس جمعہ کو دوبارہ ہوگا، جس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کیا جائے گا۔ گورنر راجیندر ارلیکرکا خطاب 29 مئی کو ہوگا، جبکہ خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث یکم سے تین جون تک جاری رہے گی۔

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے تین نو منتخب ارکان اسمبلی راجیو چندر شیکھر، وی مرلیدھرن اور بی بی گوپا کمار پالیم میں واقع شہید کالم پر پھول چڑھانے کے بعد اسمبلی پہنچے۔ بی جے پی نے اپنے ارکان اسمبلی کی حلف برداری کو کیرالہ کی سیاست میں پارٹی کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے ریاست بھر میں تقریبات منعقد کرنے کا بھی منصوبہ بنایا ہے۔

بی جے پی کیرالہ کے ریاستی صدر راجیو چندر شیکھر اور سابق مرکزی وزیر وی مرلی دھرن 2026 کے اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے نمایاں بی جے پی لیڈران میں شامل ہیں۔ مسٹر بی بی گوپا کمار کی چتھنور سے جیت ضلع کولم میں بی جے پی کی پہلی اسمبلی سیٹ مانی جارہی ہے۔
دریں اثنا، بی جے پی نے جمعہ کو ہونے والے اسپیکر کے انتخاب کے لیے چتھنور کے ایم ایل اے بی بی گوپا کمار کو اپنا امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔