لاکھوں افراد کوہنوز دلت بندھو اسکیم کی ضرورت:تارک راماراو

تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راو نے کہا ہے کہ ہر دلت کو دلت بندھو اسکیم کے ذریعہ فائدہ پہنچایاجائے گا۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راو نے کہا ہے کہ ہر دلت کو دلت بندھو اسکیم کے ذریعہ فائدہ پہنچایاجائے گا۔

انہوں نے واضح کیاکہ حکومت نے دلتوں کی بہتری کے لیے یہ اسکیم متعارف کروائی ہے۔وزیرموصوف نے حیدرآباد کے حسین ساگر ساحل پر امبیڈکر مجسمہ کے پاس سلٹ کارٹنگ گاڑیوں کا افتتاح کیا۔

انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب بھی لاکھوں افرادہیں جنہیں دلت بندھو کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دلت بندھو کے ذریعہ مستقبل میں ان تمام افرادکو مدد فراہم کی جائے گی جو اہل ہیں۔

انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ گاندھی جی کے نظریات کے مطابق ہم صاف حیدرآباد، شہری اور دیہی ترقی کے پروگرام پر عمل کررہے ہیں۔

انہوں نے گاندھی جینتی کے موقع پر 162 سلٹ کارٹنگ گاڑیاں فراہم کرنے پر مسرت کااظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس پر کروڑوں روپے سے زائد کے فنڈز خرچ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واٹر بورڈ کی جانب سے تین ماہ میں ایک مرتبہ گاڑی کا معائنہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کے چندرشیکھرراو گاندھی جی کے اصولوں کے مطابق حکومت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چندرشیکھرراونے پرامن طریقے سے جدوجہد کے ذریعہ تلنگانہ کو حاصل کیا۔ قبل ازیں انہوں نے گاندھی جی کی تصویر پر پھول چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا۔