ایم کے اسٹالن نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کو گلہائے عقیدت پیش کیا
اسٹالن نے آئین ساز بابا صاحب کی مجسمہ پر مالا چڑھانے اور ان کی تصویر پر پھول نچھاور کرنے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اگر ترقی ہی پیمانہ ہے تو لوگوں کو یکسانیت اور اونچ نیچ کو مسترد کرکے تکثیریت اور مساوات کو اپنانا چاہیے اور انصاف کو برقرار رکھنا چاہیے۔
چنئی: تمل ناڈو کے وزیرِاعلیٰ ایم کے اسٹالن نے منگل کے روز ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی جینتی کے موقع پر انہیں گلہائے عقیدت پیش کیا۔
اسٹالن نے آئین ساز بابا صاحب کی مجسمہ پر مالا چڑھانے اور ان کی تصویر پر پھول نچھاور کرنے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اگر ترقی ہی پیمانہ ہے تو لوگوں کو یکسانیت اور اونچ نیچ کو مسترد کرکے تکثیریت اور مساوات کو اپنانا چاہیے اور انصاف کو برقرار رکھنا چاہیے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہندوستان کی طاقت اس کی تکثیریت میں ہے، نہ کہ مسلط کی گئی یکسانیت میں۔
وزیرِاعلیٰ نے اپنی بات کو مضبوط کرنے کے لیے ڈاکٹر امبیڈکر کے اس پیغام کا بھی ذکر کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی اس بات سے ناپی جاتی ہے کہ اس کی خواتین نے کتنی ترقی حاصل کی ہے۔
انہوں نے عوام سے آئین کی حفاظت کرنے، سماجی انصاف کو برقرار رکھنے اور ہر دبے کچلے فرد کی آواز کی حفاظت کے اپنے عزم کو مزید مضبوط کرنے کی اپیل کی۔
اسٹالن نے لکھاکہ”بابا صاحب کی جینتی کے موقع پر آئیے ہم آئین کی حفاظت، سماجی انصاف کو برقرار رکھنے اور ہر مظلوم آواز کی حفاظت کے اپنے عہد کو مزید مضبوط کریں۔”
اس دوران ریاست کے مختلف حصوں میں کئی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی ڈاکٹر امبیڈکر کی مجسمہ پر مالا چڑھائی اور اس موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔