اتوار کو منعقد ہو رہی ہے نیٹ-یو جی کی امتحان
نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کے زیر اہتمام اس امتحان کے لیے اس سال ریکارڈ 22.79 لاکھ سے زیادہ طلبہ نے رجسٹریشن کرایا ہے، جن میں صرف تلنگانہ سے 73,000 سے زائد امیدوار شامل ہیں۔
نئی دہلی: ملک بھر کے میڈیکل کالجوں میں داخلے کے لیے منعقد ہونے والا نیشنل ایلیجیبلیٹی کم انٹرنس ٹیسٹ (نیٹ-یو جی 2026) اتوار کو دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک منعقد کیا جائے گا۔
نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کے زیر اہتمام اس امتحان کے لیے اس سال ریکارڈ 22.79 لاکھ سے زیادہ طلبہ نے رجسٹریشن کرایا ہے، جن میں صرف تلنگانہ سے 73,000 سے زائد امیدوار شامل ہیں۔
امتحان کے ہموار انعقاد کے لیے ملک کے 552 شہروں اور بیرونِ ملک 14 مقامات پر مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 199 مراکز تلنگانہ میں ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق امیدواروں کو صبح 11:00 بجے سے دوپہر 1:30 بجے تک ہی امتحانی مراکز میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ٹریفک اور ممکنہ خراب موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے وقت سے کافی پہلے پہنچیں۔
امتحان کی شفافیت اور دیانت داری کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ نے تین سطحی سیکیورٹی کا بندوبست کیا ہے اور بایومیٹرک حاضری کو لازمی قرار دیا ہے۔ ضلعی حکام کے تعاون سے تمام مراکز کے اطراف تعزیرات ہند (بی این ایس ایس) کی دفعہ 163 کے تحت پابندیاں نافذ کی گئی ہیں۔ یہ امتحان پین اور پیپر موڈ میں ہندی، انگریزی اور دیگر علاقائی زبانوں سمیت کل 13 زبانوں میں لیا جا رہا ہے۔
سوالیہ پرچہ میں کل 180 کثیر انتخابی سوالات ہوں گے، جن میں فزکس اور کیمسٹری سے 45-45 اور بایولوجی (بوٹنی اور زولوجی) سے 90 سوالات شامل ہوں گے۔ ہر درست جواب کے لیے 4 نمبر مقرر ہیں جبکہ غلط جواب پر ‘نیگیٹو مارکنگ’ کے تحت ایک نمبر کاٹا جائے گا۔
این ٹی اے نے ڈریس کوڈ اور ممنوعہ اشیاء کے حوالے سے بھی سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ طلبہ کو موبائل فون، الیکٹرانک آلات، بٹوا یا دھاتی اشیاء ساتھ لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ صرف سادہ آدھی آستین والے کپڑے اور چپل یا سینڈل پہننے کی اجازت ہوگی۔
بارش کے امکان کے پیش نظر طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اپنا ایڈمٹ کارڈ اور آدھار کارڈ شفاف پاؤچ میں رکھیں۔ کسی بھی قسم کی معلومات کے لیے ہیلپ لائن سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔