بین الاقوامی

صدر روس پوٹین کے خلاف گرفتاری ورانٹ جاری

انٹرنیشنل کریمنل کورٹ (آئی سی سی) نے یوکرین میں مبینہ جنگی جرائم پر روسی صدر ولادیمیر پوٹین کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔

ماسکو: انٹرنیشنل کریمنل کورٹ (آئی سی سی) نے یوکرین میں مبینہ جنگی جرائم پر روسی صدر ولادیمیر پوٹین کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔

ہیگ میں قائم عدالت نے بیان دیا کہ یوکرین کے مقبوضہ علاقوں سے روس میں بچوں کی غیر قانونی منتقلی اور ملک بدری کی وجہ سے پوٹین کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔

عدالت کا کہنا تھا کہ اس بات پر یقین کیلئے ٹھوس وجوہات ہیں کہ پوٹین ان جرائم کے ذمہ دار ہیں۔ بین الاقوامی عدالت نے روسی صدر کے دفتر میں تعینات بچوں کے حقوق کی کمشنر ماریا لووا بیلووا کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔

روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخارووا کا کہنا ہے کہ قانونی طور پر انٹرنیشنل کریمنل کورٹ کے فیصلوں کا ہمارے ملک کیلئے کوئی مطلب نہیں۔

انہوں نے کہا کہ روس انٹرنیشنل کریمنل کورٹ کے آئین کو تسلیم نہیں کرتا لہٰذا وہ اس عدالت کے کسی فیصلے کو ماننے کا پابند نہیں۔