ریاست کی عوام تبدیلی چاہتے ہیں بی جے پی کی کامیابی یقینی: جی کشن ریڈی
بی جے پی قائدین نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی یقینی ہے۔ ریاست کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں۔

حیدرآباد: بی جے پی قائدین نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی یقینی ہے۔ ریاست کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں۔
وہ چیف منسٹر کے سی آر کی خاندانی حکمرانی کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ ریاستی صدر بی جے پی ومرکزی وزیر جی کشن ریڈی اور رکن اسمبلی ای راجندر نے آج اخباری نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس اور کانگریس پارٹی ریاست میں دوسرے اور تیسرے مقام کے حصول کے لئے مسابقت کررہے ہیں۔
انہوں نے صدر بی آر ایس کے سی آر پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کے لئے ان کے ارکان اسمبلی کو کثیر رقم روانہ کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور ریاست کا اقتدار بی جے پی کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندرون 50 یوم اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔
بی جے پی قائدین ان انتخابات میں کامیابی کے لئے سیاسی مہم چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ تحریک کی مخالفت کرنے والوں کو پرگتی بھون اور فارم ہاؤس میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے جبکہ علحدہ تلنگانہ کی تحریک میں 1200 افراد نے جان کی قربانی دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ 10 اکتوبر کو ایک بجے دن عادل آباد میں منعقد کئے جانے والے جلسہ عام میں حصہ لیں گے۔ شام کو ایمپریل گارڈن میں تلنگانہ کے دانشوروں کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ا س موقع پر سیاسی جماعتوں کے قائدین نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ بی جے پی کے قائدین جی کشن ریڈی اور ای راجندر نے انہیں پارٹی کا کھنڈوا پہناکر بی جے پی میں شامل کرلیا۔