دہلی میں آلودگی کا معیار انتہائی سنگین، اسکولوں کو تعطیل
کو پنجاب کے چیف منسٹر بھگونت مان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیجریوال نے کہا کہ آلودگی صرف پنجاب دہلی کا مسئلہ نہیں ہے، یہ پورے شمالی ہندوستان کا مسئلہ ہے الزام تراشی کا کھیل بند کریں اور حل تلاش کریں۔
نئی دہلی: دہلی کے چیف منسٹر اروند کیجریوال نے کہا کہ آلودگی کے پیش نظر دارالحکومت میں پرائمری اسکول ہفتہ سے بند رہیں گے اور طاق وجفت نظام نافذ کرنے پر بھی غور کیا جائے گا۔
جمعہ کو پنجاب کے چیف منسٹر بھگونت مان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیجریوال نے کہا کہ آلودگی صرف پنجاب دہلی کا مسئلہ نہیں ہے، یہ پورے شمالی ہندوستان کا مسئلہ ہے الزام تراشی کا کھیل بند کریں اور حل تلاش کریں۔ آلودگی کے پیش نظر دہلی کے پرائمری اسکول کل سے بند رہیں گے اور طاق وجفت نظام کو نافذ کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو مشترکہ میٹنگ کرکے آلودگی کی وجوہات پر کام کرنا ہوگا تاکہ پورے شمالی ہندوستان کو آلودگی سے بچایا جاسکے۔ دہلی کی ہوا اتنی ہی خراب ہے جتنی اتر پردیش، ہریانہ، بہار اور راجستھان کے شہروں کی ہے۔
دوسرے شہروں میں کیجریوال کی وجہ سے آلودگی نہیں ہو رہی ہے۔ پنجاب میں پرالی جلانے کے ذمہ دار کسان نہیں، ہم ذمہ دار ہیں۔ ساتھ ہی مسٹر بھگونت مان نے کہا کہ پرالی کی پریشانی کو ختم کرنے کے لیے ہم نے 1.20 لاکھ مشینیں دیں، ایک ایپ بنائی اور بائیو انرجی پلانٹ لگانے سمیت کئی اقدامات کیے ہیں۔ ہم وعدہ کرتے ہیں کہ ہم اگلے سال نومبر تک پرالی کا مسئلہ حل کر لیں گے۔
کیجریوال نے کہا کہ دہلی میں ہوا کا معیار سنگین زمرے میں پہنچ گیا ہے اور لوگوں کو سانس لینا مشکل ہو رہا ہے۔ اس کے کئی پہلو ہیں۔ یہ مسئلہ صرف دہلی کا نہیں بلکہ پورے شمالی ہندوستان کا ہے۔
راجستھان میں دہلی، چرخی دادری، روہتک، بھیوانی، گڑگاؤں، بہادر گڑھ، جند، مانیسر، نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا، غازی آباد اور بھیواڑی میں ہوا کا معیار سنگین درجہ میں پہنچ گیا ہے۔ دہلی کی فضا جتنی خراب ہے، ان تمام شہروں میں بھی اتنی ہی خراب ہے۔ اس کے علاوہ کیتھل، پانی پت، بلب گڑھ، فرید آباد، سونی پت، نارنول، کروکشیتر، باغپت، میرٹھ، کانپور اور بہار میں موتیہاری، بیتیا اور کٹیہار میں ہوا انتہائی خراب زمرے میں ہے۔
آلودگی کا یہ مسئلہ پورے شمالی ہندوستان کا ہے۔ ظاہر ہے اس کے لیے نہ صرف عام آدمی پارٹی یا کیجریوال ذمہ دار ہیں۔ اس کے لیے نہ صرف دہلی اور پنجاب کی حکومت ذمہ دار ہے بلکہ اس کی بہت سی وجوہات ہیں۔ بہت سی مقامی وجوہات ہیں اور بہت سی علاقائی وجوہات۔
ایک ریاست کی ہوا ایک ہی حالت میں نہیں رہتی۔ یہاں سے ہوا وہاں جاتی ہے اور وہاں سے ہوا یہاں آتی ہے۔ اس معاملے میں مرکزی حکومت کو آگے آنا ہوگا اور اس پر خصوصی قدم اٹھانا ہوگا تاکہ پورے شمالی ہندوستان کو آلودگی سے بچایا جاسکے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پرائمری اسکول تب تک بند رہیں گے جب تک دہلی میں ہوا کا معیار بہتر نہیں ہوتا۔ اس کے علاوہ جفت۔طاق پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچویں جماعت سے اوپر کی کلاسوں کی آؤٹ ڈور سرگرمیاں بند رہیں گی۔ طلباء کو کھیلوں اور بیرونی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہوگی۔