حیدرآباد

کوویڈ ٹیکہ ایجاد کرنے پر وزیراعظم کو نوبل انعام دیا جانا چاہئے، کے ٹی آر کا طنز

وزیراعظم پر طنز جاری رکھتے ہوئے انہوں نے ٹویٹ کیا کہ مودی جی نوبل انعام کے کس زمرہ میں مستحق ہیں؟ نوبل انعام برائے میڈیسن؟ کوویڈ کے ٹیکہ کو ایجاد کرنے کے لئے۔نوبل انعام برائے معاشیات۔نوٹ بندی،سوئس بینک سے کالا دھن لانے کے لئے۔

حیدرآباد: وزیراعظم نریندر مودی کے کارناموں بشمول کوویڈ ٹیکوں کی تشہیر پر بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے ٹی آرایس کے کارگذارصدر و وزیر صنعتیں تارک راما راؤ نے طنزیہ طورپر وزیراعظم کو نوبل انعام دینے کامطالبہ کیا۔

تارک راما راو نے،مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی کے اس بیان کے بعد یہ طنزیہ ریمارک کئے جس میں انہوں نے دعوی کیاتھا کہ نریندرمودی نے باہمت طریقہ سے کوویڈ کا ٹیکہ ایجاد کیا۔ ٹوئیڑپریہ ویڈیو وائرل ہوگیا جس میں مرکزی وزیر کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ ہمارے ملک کے وزیراعظم نریندرمودی نے باہمت طریقہ سے کوویڈکاٹیکہ ایجاد کیا۔

اس ویڈیو پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تارک راما راؤ نے ٹویٹ کیا آئیے ہم مطالبہ کریں کہ میڈیسن یا سائنس میں مودی جی کو نوبل انعام دیاجائے کیونکہ بظاہر مودی نے کوویڈ کا ٹیکہ باہمت طریقہ سے ایجاد کیا۔ان کی کابینہ کے رفقا حقیقی طورپرکافی ہوشیا رہیں۔مجھے بالخصوص کشن ریڈی کی ا س بات کو قبول کرنی چاہئے۔

وزیراعظم پر طنز جاری رکھتے ہوئے انہوں نے ٹویٹ کیا کہ مودی جی نوبل انعام کے کس زمرہ میں مستحق ہیں؟ نوبل انعام برائے میڈیسن؟ کوویڈ کے ٹیکہ کو ایجاد کرنے کے لئے۔نوبل انعام برائے معاشیات۔نوٹ بندی،سوئس بینک سے کالا دھن لانے کے لئے۔نوبل انعام برائے امن۔روس اور یوکرین کی جنگ کو چھ گھنٹے روکنے کے لئے۔نوبل انعام برائے فزکس۔راڈار تھیوری کیلئے۔

انہوں نے ساتھ ہی مودی کی ویڈیو بھی شئیر کی اور کہا کہ ان تمام بی جے پی والوں کے لئے جو یہ محسوس کرتے ہیں کہ وشواگرو، نوبل انعام سے زیادہ کے مستحق ہیں۔ میں مودی جی کو روپئے کی قدر میں گراوٹ پر 2013میں اُس وقت کی مرکزی حکومت پر تنقید کرنے کی اداکارانہ مہارت پر نامزد کرنا چاہتا ہوں۔کم از کم بھاسکر (آسکر کا پیروڈی) ایوارڈ تو ان کو دیاجانا چاہئے۔