سوشیل میڈیا

اوڈیشہ میں پوٹین کا ناقد روسی رفیوجی زیرحراست

جانکاری ملنے پر ریلوے اسٹیشن پولیس عہدیداروں نے اسے حراست میں لے لیا۔ انسپکٹر انچارج جئے دیو بشواجیت نے کہا کہ ہم اس کے ہندوستان آنے کا مقصد اور اس کے مسائل جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔

بھوبنیشور: اوڈیشہ کے ضلع رائے گڑھ میں 2 روسی شہریوں بشمول ایک قانون ساز کی پراسرار موت کے بیچ اوڈیشہ پولیس نے ہفتہ کے دن ایک اور روسی اینڈریو گلاگولیف کو حراست میں لے لیا جو بھوبنیشور ریلوے اسٹیشن پر بھیک مانگتا دکھائی دیا۔

 گزشتہ کئی دن سے اینڈریو بھوبنیشور ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک پلے کارڈ تھامے دکھائی دے رہے تھا جس پر لکھا تھا کہ میں روسی رفیوجی ہوں‘ میں جنگ کے خلاف ہوں‘ میں پوٹین کے خلاف ہوں‘ میں بے گھر ہوں‘ برائے مہربانی میری مدد کریں۔

 پولیس نے کہا کہ وہ ٹورسٹ ویزا پر ہندوستان آیا تھا جو ختم ہوگیا ہے۔ اس کے پاس پیسے نہیں رہے اسی لئے وہ ریلوے اسٹیشن پر لوگوں سے مدد مانگ رہا تھا۔ وہ انگریزی نہیں سمجھ سکتا اور لوگوں کو اس سے روسی زبان میں بات کرنے میں دشواری پیش آرہی تھی۔

جانکاری ملنے پر ریلوے اسٹیشن پولیس عہدیداروں نے اسے حراست میں لے لیا۔ انسپکٹر انچارج جئے دیو بشواجیت نے کہا کہ ہم اس کے ہندوستان آنے کا مقصد اور اس کے مسائل جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔

وہ باقاعدہ ویزا لے کر ہندوستان آیا تھا۔ اس کے ٹورسٹ ویزا کی میعاد ختم ہوچکی ہے تاہم اس نے اقوام متحدہ میں پناہ کی درخواست دی ہے۔ وہ اقوام متحدہ میں درخواست داخل کرنے کے کاغذات دکھارہا ہے۔ ہم جانچ کررہے ہیں۔ ہم یہ بھی پتہ چلارہے ہیں کہ وہ اتنے دن کہاں رہا اور کہاں کہاں گیا۔

غور طلب ہے کہ روسی قانون ساز پاویل انٹوف اور ان کے دوست ولادیمیر بائیڈنوف کی رائے گڑھ کی ایک ہوٹل میں پراسرار موت واقع ہوئی۔ کہا جاتا ہے کہ انٹوف روس کے ولایمیر علاقہ کی قانون ساز اسمبلی کے رکن تھے۔ وہ 24 دسمبر کو ہوٹل کی زیرتعمیر عمارت میں مردہ پائے گئے۔

اوڈیشہ پولیس کی کرائم برانچ اس کیس کی تحقیقات کررہی ہے۔ ابھی تک یہ پتہ نہیں چلا ہے کہ انٹوف ہوٹل کے کمرہ کی چھت سے حادثاتی طورپر نیچے گرپڑے یا انہوں نے خودکشی کی یا 2  اموات کی کوئی اور وجہ ہے۔