تلنگانہ

ریونت ریڈی نے عازمین کے قافلہ کو روانہ کیا، اقلیتوں کی فلاح اور روزگار کے لئے بڑے اعلانات

وزیر اعلیٰ نے ایران عراق کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فضائی ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باعث حج سفر کے فضائی کرایوں میں اضافہ ہوا، لیکن تلنگانہ حکومت نے اس اضافی بوجھ کو خود برداشت کیا تاکہ حجاج کرام کو کسی قسم کی مالی پریشانی نہ ہو۔

حیدرآباد: نامپلی حج ہاؤس میں عازمین کی روانگی کیلئے منعقدہ پروقار تقریب میں تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی، وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین، اے آئی ایم آئی ایم کے صدر و رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسدالدین اویسی سمیت کئی معزز شخصیات اور سرکاری عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر حجاج کرام کی بسوں کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا، جبکہ تقریب میں اقلیتی بہبود، روزگار، ترقی اور حجاج کی سہولتوں سے متعلق کئی اہم اعلانات بھی کئے گئے۔

متعلقہ خبریں
تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع: وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کا اوساکا چیمبر آف کامرس سے خطاب
اے پی سی آر تلنگانہ (APCR) کا ریاست گیر پیرالیگل ایکٹوسٹ و کارکنان کے لئے تربیتی پروگرام کا کامیاب اختتام
نارائن پیٹ میں ضلع کانگریس کی نئی کمیٹی کا اعلان، پارٹی کو گاؤں کی سطح تک مضبوط بنانے پر زور
علمِ بی بی مبارک کی سواری کے لیے ہاتھی کی منظوری، میر فراست علی باقری کا حکومتِ تلنگانہ اور جی کشن ریڈی سے اظہارِ تشکر
نیشنل اوورسیز اسکالرشپ: گاؤں اور چھوٹے قصبوں کے طلبہ کے عالمی تعلیمی خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کا ذریعہ

وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ تلنگانہ حکومت اقلیتوں کو ان کا جائز حق دلانے اور انہیں ترقی و فلاحی اسکیمات میں برابر کی حصہ داری دینے کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے گزشتہ سال حج سفر کے دوران پیش آئے المناک بس حادثے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس حادثے میں 44 حجاج کرام جاں بحق ہوگئے تھے، جس کے بعد تلنگانہ حکومت نے ہر متاثرہ خاندان کو پانچ لاکھ روپے ایکس گریشیا فراہم کیا تھا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت اقلیتی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیم کیلئے اسکالرشپس بھی مہیا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں بلیو کالر جابس کی مانگ وائٹ کالر جابس سے زیادہ ہوچکی ہے، اسی لئے حکومت آئی ٹی آئی اداروں کو جدید اے ٹی سیز میں تبدیل کر رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو بہتر اسکل ڈیولپمنٹ ٹریننگ فراہم کی جاسکے۔

ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ حیدرآباد میں بڑی تعداد میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد آٹو رکشا چلا کر روزگار حاصل کرتے ہیں، اس لئے حکومت نے آؤٹر رنگ روڈ کے حدود میں چلنے والے تمام ڈیزل آٹوز کو مفت میں ای وی آٹوز میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے آٹو ڈرائیوروں کے ایندھن کے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی اور انہیں مالی راحت حاصل ہوگی۔

وزیر اعلیٰ نے ایران عراق کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فضائی ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باعث حج سفر کے فضائی کرایوں میں اضافہ ہوا، لیکن تلنگانہ حکومت نے اس اضافی بوجھ کو خود برداشت کیا تاکہ حجاج کرام کو کسی قسم کی مالی پریشانی نہ ہو۔

اپنے خطاب میں ریونت ریڈی نے واضح طور پر کہا کہ ان کی حکومت ہندو مسلم تفریق پر یقین نہیں رکھتی، بلکہ “ہندو مسلم بھائی بھائی” کے جذبے کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ “ایس آئی آر” کے نام پر تلنگانہ میں ووٹ حذف کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، اور عوام سے اپیل کی کہ وہ متحد رہیں اور ایسی سازشوں کا مل کر مقابلہ کریں۔

وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نے اپنے خطاب میں حجاج کرام کو نصیحت کی کہ وہ مکہ مکرمہ اور خانہ کعبہ کے قریب انتہائی ادب، صبر اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ حجاج زیادہ سے زیادہ وقت عبادت اور دعاؤں میں گزاریں اور سعودی عرب کے قوانین کی مکمل پابندی کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے حجاج سے تلنگانہ کی ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعاؤں کی اپیل بھی کی۔

محمد اظہرالدین نے یقین دلایا کہ اگر حج کے دوران کسی بھی حاجی کو مدد کی ضرورت پیش آئے تو تلنگانہ حکومت ہر ممکن تعاون کیلئے تیار رہے گی۔ انہوں نے حج کمیٹی کے چیرمین، ایگزیکٹو آفیسر اور تمام اراکین کو بہترین انتظامات پر مبارکباد پیش کی اور وزیر اعلیٰ اے ریونتھ ریڈی کا شکریہ ادا کیا کہ وہ حجاج کرام کی سہولت اور اقلیتوں کی فلاح پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔

اس تقریب میں حکومتی مشیر محمد شبیر علی، رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی، ایم پی انیل کمار یادو، ایم ایل اے جعفر حسین، ایم ایل سی مرزا ریاض، ٹی جی ایم آر ای آئی ایس کے صدر محمد فہیم الدین قریشی، حج کمیٹی کے چیئرمین سید غلام افضل بیابانی، وقف بورڈ کے چیئرمین سید عظمت اللہ حسینی، ٹی جی ایم ایف سی کے چیئرمین محمد عبیداللہ کوتوال، اردو اکیڈمی کے صدر طاہر بن حمدان اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔