طالبات کو نا زیبا ٹیکسٹ مسیج بھیجنے کے الزام میں اسکول ٹیچر معطل
بتادیں کہ یہ واقعہ سامنے آنے کے بعد مقامی لوگوں نے جمعہ کے روز احتجاج درج کرکے مذکورہ استاد کے خلاف کڑی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔
سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں طالبات کو نا زیبا ٹیکسٹ مسیج بھیجنے کے الزام میں ایک اسکول ٹیچر کو معطل کر دیا گیا۔ چیف ایجوکیشن افسر (سی ای او) بارہمولہ بلبیر سنگھ نے اس ضمن میں شکایت موصول ہونے کے بعد گورنمنٹ ہائر سکنڈری اسکول شتلو رفیع آباد میں تعینات استاد کو معطل کر دیا۔
معطل شدہ استاد کی شناخت اویس احمد نندا کے بطور ہوئی ہے۔ سی ای او بارہمولہ کی طرف سے 31 اگست کو جاری ایک حکمنامے میں کہا گیا: ‘معاملے کی تحقیقات زیر التوا ہونے کے پیش نظر اویس احمد نندا، جو اس وقت ہائر سکنڈی اسکول شتلو میں بحیثیت استاد تعینات ہیں، کو فوری طور معطل کیا جاتا ہے’۔
حکمنامے کے مطابق معطل شدہ استاد اس دوران بائز ہائیر سکنڈری اسکول سوپور کے دفتر پرنسپل کے ساتھ منسلک رہیں گے۔ بتادیں کہ یہ واقعہ سامنے آنے کے بعد مقامی لوگوں نے جمعہ کے روز احتجاج درج کرکے مذکورہ استاد کے خلاف کڑی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بارہمولہ کی قیادت میں ایک معاملے کی تحقیقات کرنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔