ایشیاء

دہلی کے قریب شیخ حسینہ کی اجیت ڈوول سے ملاقات

بنگلہ دیشی لیڈر شیخ حسینہ نے آج شام اترپردیش کے غازی آباد میں جو دہلی سے 30 کیلو میٹر کے فاصلہ پر واقع ہے، ہنڈن ایربیس پر لینڈنگ کے بعد قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوول سے ملاقات کی۔

نئی دہلی: بنگلہ دیشی لیڈر شیخ حسینہ نے آج شام اترپردیش کے غازی آباد میں جو دہلی سے 30 کیلو میٹر کے فاصلہ پر واقع ہے، ہنڈن ایربیس پر لینڈنگ کے بعد قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوول سے ملاقات کی۔

متعلقہ خبریں
بنگله دیش میں فوج کے اعلیٰ عہدوں میں ردوبدل
لاوس سے 17 ہندوستانی ورکرس کی واپسی
دہشت گردی سے نمٹنے ورکنگ گروپ قائم ہوگا

وزیرخارجہ ایس جئے شنکر نے وزیراعظم نریندرمودی کو بنگلہ دیش کی صورتحال سے واقف کرایا۔ ابھی تک یہ پتا نہیں چل سکا ہے کہ مودی شیخ حسینہ سے ملاقات کریں گے یا نہیں۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی نے جو لوک سبھا میں قائد اپوزیشن ہیں انہوں نے بھی جئے شنکر سے بات چیت کی۔

اِن دونوں نے پارلیمنٹ کے وقفہ کے دوران بات چیت کی۔ توقع ہے کہ شیخ حسینہ کل لندن کے لئے روانہ ہوجائیں گی جہاں وہ سیاسی پناہ حاصل کرسکتی ہیں۔ ذرائع نے خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ شیخ حسینہ کا طیارہ جو بنگلہ دیش ایرفورس کا C130 فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ ہے، اسے ہندوستانی فضائیہ کے C17 اور C130J سوپر ہرکولس ایرکرافٹ ہینگر کے بازو ٹھہرایا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ شیخ حسینہ کا طیارہ میں ایندھن بھرا جارہا ہے تاکہ وہ لندن کے لئے روانہ ہوسکے۔ اسی دوران بنگلہ دیش سے متصل ہندوستانی سرحد پر سخت چوکسی برتی جارہی ہے میگھالیہ میں 12 گھنٹے رات کا کرفیو لگادیا گیا ہے۔ ہندوستان ریلویز نے بنگلہ دیش کے لئے تمام ٹرینیں منسوخ کردی ہیں۔

ایرانڈیا نے ڈھاکہ جانے والی پروازوں کو منسوخ کردیا ہے۔ ڈھاکہ کی صورتحال کے پیش نظر انڈیگو نے آئندہ 30 گھنٹوں تک اپنی تمام پروازیں منسوخ کردی ہیں۔ مقامی میڈیا نے بتایا کہ ڈھاکہ کے شاہ جلال انٹرنیشنل ایرپورٹ کو 6 گھنٹوں کے لئے بند کردیا گیا ہے۔ اسی دوران بنگلہ دیشی فوج جس نے شیخ حسینہ کو استعفی دینے کے لئے 45 منٹ کو وقت دیا تھا، ملک کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

فوجی سربراہ جنرل وقارالزماں نے ٹیلی ویژن پر اپنے خطاب میں کہا کہ فوج ایک عبوری حکومت تشکیل دے گی اور احتجاجیوں سے کہا کہ وہ پُرامن ہوجائیں۔ فوجی سربراہ نے کہا کہ میں نے اپوزیشن قائدین سے ملاقات کی ہے اور ہم نے اس ملک کو چلانے کیلئے عبوری حکومت تشکیل دی ہے۔ میں تمام ذمہ داری لیتا ہوں اور آپ کی زندگی اور جائیداد کے تحفظ کا وعدہ کرتا ہوں۔ آپ کے مطالبات کی تکمیل کی جائے گی برائے مہربانی تشدد روک دیں۔

قبل ازیں مظاہرین وزیراعظم کی ڈھاکہ کی قیامگاہ میں گھس گئے مقامی میڈیا کے اندازہ کے مطابق تقریباً 40 ہزار مظاہرین سڑکوں پر تھے۔ فوج اور پولیس نے بکتربند گاڑیاں کے ساتھ اور خاردار تار نصب کرتے ہوئے شیخ حسینہ کے دفتر کے راستوں کو مسدود کردیا تھا۔ تاہم بڑے ہجوم سڑکوں پر نکل آئے اور رکاوٹوں کو توڑ دیا۔ لیکن اس وقت تک شیخ حسینہ فرار ہوچکی تھی۔

a3w
a3w