قومی

اسکائی ہاپ ایوی ایشن کو ایئر آپریٹر سرٹیفکیٹ ملا،ملک میں پہلی بار تجارتی سی پلین سروس شروع ہوگی

اس سرٹیفکیٹ کے حصول کے ساتھ ہی کمپنی ملک میں پہلی بار تجارتی سی پلین سروس شروع کرنے کے مزید قریب پہنچ گئی ہے۔ اسکائی ہاپ ایوی ایشن، سستی فضائی سروس فراہم کرنے والی کمپنی 'اسپائس جیٹ' کے بانی اجے سنگھ کی صاحبزادی، اونی سنگھ کی کمپنی ہے۔

نئی دہلی: اسکائی ہاپ ایوی ایشن کو ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن سے ایئر آپریٹر سرٹیفکیٹ مل گیا ہے۔


اس سرٹیفکیٹ کے حصول کے ساتھ ہی کمپنی ملک میں پہلی بار تجارتی سی پلین سروس شروع کرنے کے مزید قریب پہنچ گئی ہے۔ اسکائی ہاپ ایوی ایشن، سستی فضائی سروس فراہم کرنے والی کمپنی ‘اسپائس جیٹ’ کے بانی اجے سنگھ کی صاحبزادی، اونی سنگھ کی کمپنی ہے۔


تجارتی سی پلین آپریشنز شروع کرنے کے لیے اس ماہ کے شروع میں اتراکھنڈ کے گنگا بیراج اور ٹہری جھیل پر پانی میں ٹیک آف اور لینڈنگ کے کامیاب تجربات کیے گئے تھے۔


پیر کے روز جاری کردہ کمپنی کی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اس کا مقصد ان علاقوں تک رسائی کو بہتر بنانا ہے جہاں روایتی ہوائی اڈے بنانا مشکل ہے۔

پہلے مرحلے میں لکش دیپ کے پانچ جزیروں کو آپس میں اور ملک کے دیگر حصوں سے جوڑنے کا منصوبہ ہے۔ پروازوں کا آغاز 19 نشستوں والے طیارے سے ہوگا۔ ایئرلائن ملک کے دیگر حصوں میں بھی ایسے مقامات کا جائزہ لے رہی ہے جہاں اس قسم کی کنیکٹیویٹی سے بڑی تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔


اسکائی ہاپ ایوی ایشن کی بانی اور سی ای او اونی سنگھ نے کہا، "اے او سی کا حصول ہمارے لیے ایک اہم سنگ میل ہے اور یہ گزشتہ ایک سال کی مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی کا مقصد ملک کے ان حصوں کو محفوظ، قابل بھروسہ اور جدید طریقے سے جوڑنا ہے جو اب تک ناقابلِ رسائی ہیں۔