جرائم و حادثات
بیمار ماں کے علاج کیلئے ایک ماہ کی لڑکی کی بلی چڑھادی گئی؟
پوچھ تاچھ کے دوران ممتا اور اس کے شوہر گوپال کشیپ نے اپنی بیٹی کو ہلاک کرنے اور اس کی نعش جنگل میں کہیں چھپادینے کا اعتراف کرلیا۔

مظفر نگر (یوپی): ایک ماہ کی لڑکی کی بلی دینے پر یہاں ایک جوڑے کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق لڑکی کی ماں ممتا کچھ عرصہ سے بیمار تھی۔ انہوں نے جب ایک جھاڑپھونک کرنے والے سے مشورہ کیا تو اس نے ماں کے علاج کے لئے بچی کو ختم کرنے کی صلاح دی۔
یہ واقعہ چہارشنبہ کی رات بھوپا علاقہ کے بیلدا گاؤں میں پیش آیا۔ جب پڑوسیوں نے بچی کو لاپتہ پایا تو پولیس کو اطلاع دے دی۔ ایڈیشنل ایس پی (رورل) آدتیہ بنسل نے یہ بات بتائی۔
پوچھ تاچھ کے دوران ممتا اور اس کے شوہر گوپال کشیپ نے اپنی بیٹی کو ہلاک کرنے اور اس کی نعش جنگل میں کہیں چھپادینے کا اعتراف کرلیا۔ بنسل نے بتایا کہ نعش برآمد کرنے اور جھاڑپھونک کرنے والے ہریندر کو گرفتار کرنے کوشش جاری ہے۔