مہاراشٹرا

پولیس لاٹھی چارج، دیویندر پھڈنویس نے معافی مانگ لی

ڈپٹی چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر پھڈنویس نے پیر کے دن جالنہ میں مراٹھا کوٹہ احتجاج کے دوران پولیس لاٹھی چارج اور آنسو گیس شل کا نشانہ بننے والوں سے معافی مانگ لی۔

ممبئی: ڈپٹی چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر پھڈنویس نے پیر کے دن جالنہ میں مراٹھا کوٹہ احتجاج کے دوران پولیس لاٹھی چارج اور آنسو گیس شل کا نشانہ بننے والوں سے معافی مانگ لی۔

انہوں نے کہا کہ یکم ستمبر کی پولیس کارروائی بالکل غلط تھی۔ کئی احتجاجی اس میں زخمی ہوئے۔ زخمی ہونے والوں میں عورتیں بھی شامل ہیں۔ میں اس کے لئے معافی مانگتا ہوں۔

وہ ممبئی میں چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے اور ڈپٹی چیف منسٹر اجیت پوار کے ساتھ میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔

مختلف گوشوں بشمول بعض بی جے پی قائدین کی تنقید جھیل رہے دیویندر پھڈنویس نے جاریہ مراٹھا احتجاج اور پولیس کارروائی کو سیاسی رنگ دیئے جانے کی کوششوں کی مذمت کی۔

انہوں نے مختلف حکومتوں کے سابق چیف منسٹرس کو موردِ الزام ٹھہرایا کہ انہوں نے مراٹھا ریزرویشن مسئلہ حل نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مراٹھا برادری اپوزیشن کے بیانیہ سے گمراہ نہیں ہوگی۔