کولمبیا میں مٹی کے تودے گرنے سے چار افراد کی موت
تودے گرنے سے 400 سے زائد خاندان متاثر ہوئے، کئی سڑکوں کو نقصان پہنچا اور تین آبی نالے ڈیہہ گئے۔

بگوٹا: جنوبی کولمبیا کے نارینو میں مٹی کے تودے گرنے سے چار افراد ہلاک اور تقریباً 100 خاندان بے گھر ہو گئے۔
مقامی افسران نے پیر کو اس کی تصدیق کی۔
نارینو کے گورنر لوئس الفانسو ایسکوبار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا ’’بارش کے سبب کئی شہروں میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، لیکن سب سے زیادہ تباہ کن صورت حال پاسٹو شہر کے ایل اینکانو (کمیونٹی) میں پیش آئی، جہاں مٹی کے تودے گرنے سے چار افراد ہلاک ہوئےاور شدید نقصان ہوا۔‘‘
تودے گرنے سے 400 سے زائد خاندان متاثر ہوئے، کئی سڑکوں کو نقصان پہنچا اور تین آبی نالے ڈیہہ گئے۔
گورنر نے کہا کہ اہلکار سڑکوں سے ملبہ ہٹانے اور ٹینکر ٹرکوں کے ذریعے پینے کا پانی پہنچانے کا کام کر رہے ہیں۔
سیلاب نے لا کروز شہر میں 100 خاندانوں کو بھی متاثر کیا، پیدل چلنے کے تین پل بہہ گئے۔
انہوں نے کہا’’24 شہروں نے سڑکوں کو صاف کرنے اور مٹی کے تودے گرنے سے نمٹنے کے لیے مشینری کی درخواست کی ہے۔‘‘