تلنگانہ کانگریس نے انتخابی مہم میں شدت پیداکردی
تلنگانہ کانگریس نے اپنی انتخابی مہم میں شدت پیداکردی ہے کیونکہ ریاست میں انتخابات کیلئے صرف ایک ماہ کا وقت رہ گیا ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ کانگریس نے اپنی انتخابی مہم میں شدت پیداکردی ہے کیونکہ ریاست میں انتخابات کیلئے صرف ایک ماہ کا وقت رہ گیا ہے۔
ریاستی دارالحکومت حیدرآباد سمیت تمام حلقوں میں کانگریس کی انتخابی مہم جاری ہے۔کانگریس امیدوار بنڈی رمیش نے حلقہ کوکٹ پلی میں انتخابی مہم میں حصہ لیا۔
حلقہ میں پارٹی آفس کھولاگیا تاکہ وہ عوام کو دستیاب ہوسکیں۔انھوں نے کہا کہ ہم آگے بڑھ کر کوکٹ پلی میں کانگریس پارٹی کا پرچم لہرائیں گے۔حضورنگر کے پارٹی امیدوار اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے سرکاری خزانے کو لوٹا ہے۔
ایک لاکھ کروڑ کی لاگت سے تعمیر کردہ کالیشورم پراجکٹ کے میڈی گڈہ بریج کا منہدم ہونا اس بات کا ثبوت ہے۔ حضورنگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس اقتدار میں آنے پر غریب افرادکو 6 ضمانتیں فراہم کرے گی۔
ہنمکنڈہ میں چلائی گئی انتخابی مہم میں کانگریس لیڈر ڈولی شرما نے حصہ لیا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کی اس وقت ریاست میں ہوا چل رہی ہے اور کہا کہ اقتدار میں آتے ہی اس کی ضمانتوں پر عمل آوری کا عمل شروع کیا جائے گا۔
سدی پیٹ ضلع کے حسن آباد حلقہ میں کانگریس امیدوار پونم پربھاکر نے انتخابی مہم چلائی، انہوں نے اس موقع پر کہا کہ عوام کانگریس پارٹی کو اقتداردینے کا انتظار کر رہے ہیں۔