بنگلہ دیش وزیر داخلہ اسد الزماں خاں کے بنگلہ اور انڈین کلچرل سنٹر میں توڑ پھوڑ
بنگلہ دیش کے دارالحکومت میں بے قابو ہجوم نے انڈین کلچرل سنٹر میں توڑپھوڑ کی۔ 4ہندو مندروں کو معمولی نقصان پہنچا۔ بے قابو بھیڑ نے ڈھاکہ کے دھان منڈی علاقہ میں واقع اندرا گاندھی کلچرل سنٹر کو نقصان پہنچایا۔

نئی دہلی۔ بنگلہ دیش کے دارالحکومت میں بے قابو ہجوم نے انڈین کلچرل سنٹر میں توڑپھوڑ کی۔ 4ہندو مندروں کو معمولی نقصان پہنچا۔ بے قابو بھیڑ نے ڈھاکہ کے دھان منڈی علاقہ میں واقع اندرا گاندھی کلچرل سنٹر کو نقصان پہنچایا۔
شیخ حسینہ کی بے دخلی کے بعد کی کشیدہ صورتحال سے بعض ہندو مذہبی رہنما ڈرے ہوئے ہیں۔ آئی اے این ایس کے بموجب بنگلہ دیش کے مقامی میڈیا نے پیر کے دن اطلاع دی کہ وزیر اعظم شیخ حسینہ کے استعفیٰ کے بعد ”ہزاروں احتجاجیوں“ نے ملک کے وزیر داخلہ اسد الزماں خاں کے بنگلہ میں توڑ پھوڑ کی جو ڈھاکہ کے پاش علاقہ دھان منڈی میں واقع ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہزاروں مظاہرین بنگلہ میں گھس پڑے۔ بنگلہ کے اندر سے دھواں اٹھتا دکھائی دیا۔ ڈھاکہ ٹریبیون نے یہ اطلاع دی۔
گزشتہ ہفتہ اسدالزماں خاں نے شیخ حسینہ حکومت کے جماعت اسلامی کی طلبہ تنظیم جماعت شبر اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) پر امتناع کے فیصلہ کا اعلان کیا تھا۔ اس کے لئے ملک میں جاری طلبہ احتجاج میں ان کے رول کا حوالہ دیا گیا تھا۔
ڈھاکہ کی سڑکوں پر پرچم لہراتی پرجوش بھیڑ نے وزیراعظم کے سرکاری بنگلہ ”گنابھبن“ پر دھاوا بول دیا۔ بعض مظاہرین نے بنگلہ دیش کے سابق صدر اور ملک کو آزادی دلانے والے قائد شیخ مجیب الرحمن کے مجسمہ کو توڑ ڈالا۔ شیخ حسینہ، شیخ مجیب کی بیٹی ہیں۔