یوروپ

ہندوستانی ملزم کی گرفتاری پر 2.5 لاکھ ڈالر کا انعام:ایف بی آئی

ایف بی آئی نے ایک 33 سالہ ”انتہائی خطرناک“ ہندوستانی شہری کی گرفتاری کا باعث بننے والی معلومات فراہم کرنے پر ڈھائی لاکھ امریکی ڈالر تک انعام کا اعلان کیا ہے۔

نیویارک: ایف بی آئی نے ایک 33 سالہ ”انتہائی خطرناک“ ہندوستانی شہری کی گرفتاری کا باعث بننے والی معلومات فراہم کرنے پر ڈھائی لاکھ امریکی ڈالر تک انعام کا اعلان کیا ہے۔

یہ ہندوستانی شہری 2015 میں اپنی بیوی کو ہلاک کرنے کا ملزم ہے۔ بھدریش کمار چیتن بھائی پٹیل نے اپنی بیوی پر کسی شئے سے کئی مرتبہ حملہ کرتے ہوئے اسے ہلاک کردیا تھا۔

پٹیل اور اس کی بیوی پلک‘ ہینور میں ایک ڈونٹ کی دکان پر کام کرتے تھے۔ پٹیل‘ ایف بی آئی کی ”10 انتہائی مطلوب مفرور ملزمین“ کی فہرست میں شامل ہے۔

وفاقی ایجنسی نے اس کی گرفتاری کا باعث بننے والی معلومات فراہم کرنے پر ڈھائی لاکھ ڈالر کے انعام کا اعلان کیاہے۔ ابتداء میں ایف بی آئی نے پٹیل پر گرفتاری پر ایک لاکھ امریکی ڈالر کے انعام کا اعلان کیاتھا۔

پٹیل پر اپنی بیوی کے قتل کاالزام ہے۔ یہ دونوں اپنے ایک رشتہ دار کی ڈونٹ کی دکان پر نائٹ شفٹ میں کام کیا کرتے تھے۔ تفتیش کاروں کا ماننا ہے کہ پٹیل نے اپنی بیوی کو جس کی عمر21 سال تھی‘12اپریل 2015 کی نصف شب سے پہلے دکان کے عقبی حصہ میں واقع ایک کمرہ میں قتل کردیاتھا۔

پٹیل نے اپنی بیوی کو کئی مرتبہ چاقو گھونپا اور پھر پچھلے دروازہ سے فرار ہوگیاتھا۔ بیان میں یہ انتباہ دیا گیاہے کہ پٹیل ”مسلح اور انتہائی خطرناک شخص ہے۔

ایف بی آئی کے مطابق تفتیش کاروں نے یہ نظریہ قائم کیا ہے کہ پلک پٹیل ہندوستان واپس ہوناچاہتی تھی۔ ان کے ویزا ایک مہینہ پہلے ہی ختم ہوئے تھے ۔ اس کا شوہر ہندوستان واپس نہیں ہوناچاہتا تھا۔