تلنگانہ:دسویں جماعت کے طلبہ کے جوابی پرچوں پر مشتمل بنڈل لاپتہ
دسویں جماعت کے امتحان کے جوابی پرچوں پر مشتمل بنڈل کا اچانک لاپتہ ہوجانا عہدیداروں کے لیے درد سر بناہوا ہے جنہوں نے اس واقعہ پر فکرمندی کااظہار کیا ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع وقارآباد کے تانڈور میں دسویں جماعت کے امتحان کے آغاز کے پہلے ہی دن پرچہ کے لیک ہونے کے معاملہ کے بعد اب عہدیداروں کیلئے دسویں جماعت کے امتحان کے جوابی پرچوں پر مشتمل بنڈل کے اچانک لاپتہ ہوجانا درد سر بناہوا ہے جنہوں نے اچانک اس واقعہ پر فکرمندی کااظہار کیا ہے۔
یہ واقعہ ضلع عادل آباد کے اوٹنور منڈل میں پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق دسویں جماعت کے جوابی بیاضات پر مشتمل بنڈل کو امتحانی مرکز سے اوٹنور منڈل مستقر منتقل کیاجارہا تھا کہ یہ بنڈل اچانک لاپتہ ہوگیا جو تمام عہدیداروں کے لئے حیرت کا سبب بن گیا۔
پولیس سے اس خصوص میں کی گئی شکایت میں عہدیداروں نے کہاکہ یہ بنڈل، امتحانی مرکز سے محکمہ ڈاک کے عہدیداروں کے حوالے کیاگیاتاہم یہ بنڈل اچانک لاپتہ ہوگیا۔
پولیس نے اس شکایت کی بنیاد پر ایک معاملہ درج کرلیا۔ اوٹنورمنڈل مستقر کے 5امتحانی مراکز میں 1,011طلبہ نے امتحان تحریر کیا۔