تلنگانہ

کانگریس اعلیٰ کمان کے فیصلے کا احترام کیا جانا چاہیے: سیتاکا

تلنگانہ کی پنچایتی راج اور خواتین و اطفال بہبود کی وزیر دانساری انسویا سیتاکا نے کہا ہے کہ کانگریس کے تمام رہنماؤں اور کارکنوں کو اعلیٰ کمان کے فیصلوں پر عمل کرنا چاہیے اور کسی کو بھی مقررہ حد سے تجاوز نہیں کرنا چاہیے۔

محبوب نگر: تلنگانہ کی پنچایتی راج اور خواتین و اطفال بہبود کی وزیر دانساری انسویا سیتاکا نے کہا ہے کہ کانگریس کے تمام رہنماؤں اور کارکنوں کو اعلیٰ کمان کے فیصلوں پر عمل کرنا چاہیے اور کسی کو بھی مقررہ حد سے تجاوز نہیں کرنا چاہیے۔


محترمہ سیتاکا نے اتوار کو محبوب نگر ضلع کے کولّاپور میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے داخلی معاملات پر تنظیم کے اندر ہی تبادلہ خیال ہونا چاہیے۔

اس سے رہنماؤں کا وقار بڑھے گا اور تنظیم مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا، ’’کل اگر میں حد پار کرتی ہوں یا کوئی اور ایسا کرتا ہے تو ہم سب کو اعلیٰ کمان کے فیصلے پر عمل کرنا ہوگا۔‘‘ انہوں نے یہ بات سابق وزیر کونڈا سریکھا کے خلاف کی گئی کارروائی کے تناظر میں کہی۔


محترمہ سیتاکا نے کہا کہ کانگریس اعلیٰ کمان کسی شخص سے خوف زدہ ہونے کی حالت میں نہیں ہے اور پارٹی کمزور نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے کام کاج کے لیے نظم و ضبط انتہائی ضروری ہے۔ کسی رہنما کو کوئی شکایت ہے تو اسے عوامی طور پر اختلاف ظاہر کرنے کے بجائے براہ راست پارٹی قیادت یا سینئر رہنماؤں کے سامنے اپنی بات رکھنی چاہیے۔


محترمہ سریکھا کے خلاف کارروائی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریاست میں پارٹی کے اعلیٰ ترین رہنما ہیں اور اعلیٰ کمان نے ان کے خلاف کیے گئے تبصروں کو مناسب نہیں سمجھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ کمان کی جانب سے ان تبصروں کو نامناسب قرار دیے جانے کے بعد ہی کارروائی کی گئی۔


انہوں نے حالیہ واقعات پر خوشی منانے کو لے کر اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا اور بھارت راشٹر سمیتی (بی آر ایس) کے کارگزار صدر کے. ٹی. راماراؤ سے ان کی بہن کویتا کو نظر انداز کیے جانے کے معاملے پر سوال کیا۔ انہوں نے سابق نائب وزیر اعلیٰ ٹی. راجیا کو عہدے سے ہٹائے جانے کے واقعے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس وقت کسی کو یہ تک معلوم نہیں تھا کہ انہیں کس وجہ سے ہٹایا گیا۔


محترمہ سیتاکا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے خلاف براہ راست تبصرے کیے جانے کی وجہ سے اعلیٰ کمان نے کارروائی کی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مستقبل میں حدود سے تجاوز کرنے پر کسی کو بھی اس کے نتائج بھگتنے پڑ سکتے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ اگر تمام رہنما اعلیٰ کمان کے فیصلوں کے مطابق کام کریں تو پارٹی مزید مضبوط ہوگی اور اس سے یہ یقینی بنانے میں بھی مدد ملے گی کہ حکومت عوام کی توقعات کے مطابق کام کرے۔


محترمہ سیتاکا نے کہا، ’’محترمہ سریکھا پارٹی میں بنی ہوئی ہیں۔ ہم سب صبر و تحمل کے ساتھ پارٹی کی ترقی کے لیے مل کر کام کریں گے۔‘‘