خوبصورت بیوی پر تبصروں سے تنگ نوجوان کی دھمکی نے سب کو چونکا دیا (ویڈیو وائرل)
اترپردیش کے ضلع بریلی سے ایک چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہاں 25 سالہ نوجوان گُرودیو، جس کی حال ہی میں دھوم دھام سے شادی ہوئی تھی، محلے کے لوگوں کے مسلسل طعنوں سے اتنا دل برداشتہ ہو گیا کہ وہ اپنے گھر کی دو منزلہ چھت پر چڑھ گیا اور خودکشی کرنے کی دھمکی دینے لگا۔

نئی دلی: اترپردیش کے ضلع بریلی سے ایک چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہاں 25 سالہ نوجوان گُرودیو، جس کی حال ہی میں دھوم دھام سے شادی ہوئی تھی، محلے کے لوگوں کے مسلسل طعنوں سے اتنا دل برداشتہ ہو گیا کہ وہ اپنے گھر کی دو منزلہ چھت پر چڑھ گیا اور خودکشی کرنے کی دھمکی دینے لگا۔
گُرودیو نے چیختے ہوئے کہا "میں چھت سے کود جاؤں گا، کیونکہ محلے کے لوگ مجھے چِڑھاتے ہیں اور میری بیوی کو لے کر مذاق اُڑاتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں، تیری بیوی تو بڑی خوبصورت ہے، لیکن تُو۔۔۔'”
اطلاعات کے مطابق، شادی کے بعد سے ہی گُرودیو کو اپنے محلہ کے کچھ افراد کی جانب سے طعنے سننے کو مل رہے تھے۔ اس مسلسل ذہنی دباؤ کو وہ برداشت نہ کر سکا اور شدید غصے کی حالت میں چھت پر چڑھ کر اپنی جان لینے کی دھمکی دینے لگا۔ یہ خبر علاقہ میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور لوگ بڑی تعداد میں موقع پر جمع ہو گئے۔
مقامی افراد نے فوراً پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد پولیس کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی۔ پولیس افسران کی ہدایت پر چھت کے نیچے گدّے بچھا دیے گئے تاکہ اگر وہ چھلانگ لگائے تو اسے زیادہ چوٹ نہ آئے۔ گُرودیو کو نیچے اُتارنے کے لیے پولیس اور گاؤں والوں نے تقریباً تین گھنٹے تک مسلسل کوششیں کیں۔
آخرکار پولیس اور مقامی افراد کی سمجھداری کی وجہ سے گُرودیو کو محفوظ طریقے سے نیچے اتار لیا گیا۔ سی او (سرکل آفیسر) انجنی کمار تیواری نے بتایا "گاؤں چکر پور میں کئی گھنٹے تک نوجوان کی خودکشی کی دھمکی کا ڈرامہ چلتا رہا، لیکن مقامی لوگوں اور پولیس کی سمجھداری سے معاملہ قابو میں آ گیا۔”
واقعے کے بعد گُرودیو کے اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ وہ ذہنی طور پر کمزور ہے اور اس طرح کی حرکات پہلے بھی کر چکا ہے۔ پولیس نے مکمل تفتیش کے بعد نوجوان کو اس کے اہل خانہ کے سپرد کر دیا اور ان کو سختی سے ہدایت دی کہ آئندہ ایسی صورتِ حال پیدا نہ ہونے دیں۔
پولیس نے نوجوان کو سمجھا بجھا کر معاملہ رفع دفع کر دیا اور معاملے کو مزید طول نہ دیا۔