ملبہ ہٹا تو درد تازہ ہوگیا غزہ میں 112 شہداء کی باقیات 3 سال بعد برآمد
اس المناک واقعے پر غزہ کے شہریوں میں شدید غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
غزہ : غزہ میں تقریباً 3 سال بعد عمارت کے ملبے سے 112 شہداء کی باقیات نکال لی گئیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق شہید ہونے والے تمام بچوں، مردوں اور خواتین کا تعلق 2 خاندانوں سے ہے۔
غزہ سٹی کی عمارت پر نومبر 2023ء کے حملے میں یہ افراد شہید ہوئے تھے۔
ریسکیو اور سول ڈیفنس ٹیموں نے حالیہ دنوں میں ملبہ ہٹانے کی کارروائی کے دوران ان باقیات کو برآمد کیا، جن کی شناخت ممکن بنانے کے لیے متعلقہ ادارے اور طبی ماہرین بھی کارروائی میں شریک رہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تمام 112 شہداء کی نمازِ جنازہ آج ادا کی جائے گی، جس کے بعد انہیں اجتماعی طور پر سپردِ خاک کیا جائے گا۔ اس المناک واقعے پر غزہ کے شہریوں میں شدید غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
دوسری جانب غزہ پر اسرائیلی حملوں کا سلسلہ بادستور جاری ہے۔ تازہ حملوں میں رہائشی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس کے باعث مزید جانی نقصان اور تباہی کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل ہونے والے اسرائیلی حملوں میں کم از کم 19 فلسطینی شہید اور متعدد دیگر زخمی ہوئے تھے، جبکہ غزہ میں انسانی بحران مسلسل سنگین صورت اختیار کرتا جا رہا ہے۔