کانگریس نے جھارکھنڈ کے 3 ارکان اسمبلی کو معطل کردیا
کانگریس نے اتوار کے دن جھارکھنڈ کے 3 ارکان اسمبلی کو جومغربی بنگال میں نقد رقم کے ساتھ پکڑے گئے معطل کردیا۔
نئی دہلی: کانگریس نے اتوار کے دن جھارکھنڈ کے 3 ارکان اسمبلی کو جو مغربی بنگال میں نقد رقم کے ساتھ پکڑے گئے معطل کردیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں جنرل سکریٹری اور انچارج جھارکھنڈ کانگریس اویناش پانڈے نے کہا کہ 3ارکان اسمبلی کو فوری اثر کے ساتھ معطل کردیاگیا۔
ہفتہ کے دن مغربی بنگال پولیس نے کانگریس کے 3ارکان اسمبلی کو اس وقت حراست میں لیاتھا جب ان کی گاڑی سے جس میں وہ سفرکررہے تھے 48لاکھ روپئے ضبط ہوئے۔ گاڑی ان 3میں ایک رکن اسمبلی کی ہے۔ ارکان اسمبلی نے پولیس سے کہا کہ رقم ضبطی کولکتہ کے بڑابازار کی مشہور ہول سیل مارکٹ سے ساڑیاں خریدنے کے لئے تھی۔
قبل ازیں کانگریس نے الزام عائد کیاتھا کہ آپریشن لوٹس بے نقاب ہوگیا جس کا مقصد جھارکھنڈ میں کانگریس کی اتحادی حکومت کو گراناہے۔پی ٹی آئی کے بموجب کانگریس نے ہوڑہ میں بھاری رقم کے ساتھ پکڑے گئے جھارکھنڈ کے تین ارکان اسمبلی کو آج معطل کردیا۔ اس نے بی جے پی پرالزام عائد کیاکہ وہ ریاست میں اس کی حکومت کو بیدخل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
کانگریس نے زوردے کرکہا کہ جھارکھنڈمکتی مورچہ کے ساتھ اس کی اتحادی حکومت پوری طرح محفوظ اور مستحکم ہے اور اپنی میعاد مکمل کرے گی۔
اے آئی سی سی ہیڈکوارٹرس میں پریس کانفرنس سے خطاب میں پارٹی جنرل سکریٹری اور انچارج جھارکھنڈ اویناش پانڈے نے کہا کہ کانگریس صدر سونیاگاندھی نے تین ارکان اسمبلی کو فوری اثر کے ساتھ معطل کردیا ہے۔
سراغ ملنے پر پولیس نے ہفتہ کے دن ایک ایس یو وی کو روکا تھا جس میں کانگریس ارکان اسمبلی عرفان انصاری‘ راجیش کچھپ‘ اورنامن بکسل کونگڑی نیشنل ہائی وے 16 پر سفرکررہے تھے۔
اویناش پانڈے نے کہا کہ یہ تینوں ارکان جھارکھنڈ میں لیجسلیٹیوپارٹی کو کمزورکرنے کی سازش میں ملوث ہیں۔ پارٹی قیادت کا پتہ ہے کہ کون کون اس سازش کا حصہ ہیں۔ ان لوگوں کے خلاف مناسب وقت پر کاروائی کی جائے گی۔