کرناٹک

باگل کوٹ میں 3 افراد کو چاقوزنی کے بعد صورتحال کشیدہ‘ 18 افراد گرفتار

تشدد میں ایک موٹرسیکل اور ایک ہاتھ گاڑی کو جلادیا گیا جبکہ 6 بائیکس کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔ انڈین ریزرو بٹالین کے 5 دستوں کو نظم وضبط کی برقراری کے لئے ٹاؤن میں تعینات کیا گیا ہے۔

باگل کوٹ (کرناٹک): ضلع کے کیرور ٹاؤن میں تشدد اور 3  افراد کو چاقوزنی کے سلسلہ میں پولیس نے 18  افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ باگل کوٹ کے ایس پی جئے پرکاش نے جو صورتِ حال پر نظر رکھنے کے لئے متاثرہ علاقہ میں مقیم ہیں‘ آج کہا کہ یہ واقعہ پرانی رقابت اور لڑکیوں کو ہراسانی کے پس منظر میں پیش آیا ہے۔

 انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ سوشیل میڈیا ہینڈلس پر اشتعال انگیز پوسٹس شیئر کرنے سے گریز کریں۔ تشدد کے سلسلہ میں مزید 15  افراد کی تلاش جاری ہے۔ واقعہ کے سلسلہ میں 4کیسس درج کئے گئے ہیں اور پولیس نے دونوں طرف کے لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔

 ایس پی جئے پرکاش نے یہ بات بتائی۔ تشدد میں ایک موٹرسیکل اور ایک ہاتھ گاڑی کو جلادیا گیا جبکہ 6 بائیکس کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔ انڈین ریزرو بٹالین کے 5 دستوں کو نظم وضبط کی برقراری کے لئے ٹاؤن میں تعینات کیا گیا ہے۔ ضلع انتظامیہ نے جمعہ کی شب تک امتناعی احکام نافذ کردیا ہے اور تعلیمی اداروں کو تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے۔