سوِگی اور زومیٹو کا بائیکاٹ؟ ہوٹل مالکان نے سروس معطل کرنے کی وارننگ دے دی
ریسٹورنٹ مالکان کا کہنا ہے کہ صارفین کی شکایات کی بنیاد پر بغیر مناسب وضاحت کے ان کی ادائیگیوں میں کٹوتی کی جاتی ہے، جبکہ کئی مواقع پر کھانا تیار ہونے کے بعد آرڈر منسوخ کر دیا جاتا ہے، جس سے انہیں مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔
بنگلورو: آن لائن فوڈ ڈلیوری پلیٹ فارمز سوِگی اور زومیٹو کو بنگلورو میں بڑے چیلنج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ شہر کی ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ اگر ادائیگیوں، بلنگ اور دیگر کاروباری مسائل کا جلد از جلد حل نہ نکالا گیا تو 15 اگست سے متعدد ہوٹل اور ریسٹورنٹس ان دونوں پلیٹ فارمز کے ذریعے کھانے کے آرڈرز قبول کرنا بند کر دیں گے۔
ریسٹورنٹ مالکان کا کہنا ہے کہ صارفین کی شکایات کی بنیاد پر بغیر مناسب وضاحت کے ان کی ادائیگیوں میں کٹوتی کی جاتی ہے، جبکہ کئی مواقع پر کھانا تیار ہونے کے بعد آرڈر منسوخ کر دیا جاتا ہے، جس سے انہیں مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔
ان کا مطالبہ ہے کہ ادائیگیوں اور کٹوتیوں کے نظام میں مکمل شفافیت لائی جائے، ہر ریسٹورنٹ کے لیے الگ ریلیشن شپ منیجر مقرر کیا جائے اور ریسٹورنٹس کی اجازت کے بغیر کسی بھی قسم کی ڈسکاؤنٹ یا پروموشنل مہم نہ چلائی جائے۔
دریں اثنا اطلاعات ہیں کہ فلپ کارٹ اگست میں بنگلورو سے اپنی فوڈ ڈلیوری سروس کا پائلٹ پروجیکٹ شروع کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر سوِگی اور زومیٹو کے خلاف مجوزہ بائیکاٹ پر عمل درآمد ہوتا ہے تو اس سے فلپ کارٹ کو مارکیٹ میں داخل ہونے کا بڑا موقع مل سکتا ہے۔
تاہم، خبر لکھے جانے تک سوِگی اور زومیٹو کی جانب سے ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے مطالبات یا مجوزہ بائیکاٹ کے حوالے سے کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔