بنگلورو ایرپورٹ پر 12 مسافرین کووِڈ پازیٹیو
کرناٹک کا محکمہ صحت پریشان ہے کیونکہ ہائی رِسک (بڑے جوکھم والے) ممالک سے آنے والے 12 مسافرین بنگلورو کے کیمپے گوڑا انٹرنیشنل ایرپورٹ پر کووِڈ پازیٹیو پائے گئے۔

بنگلورو: کرناٹک کا محکمہ صحت پریشان ہے کیونکہ ہائی رِسک (بڑے جوکھم والے) ممالک سے آنے والے 12 مسافرین بنگلورو کے کیمپے گوڑا انٹرنیشنل ایرپورٹ پر کووِڈ پازیٹیو پائے گئے۔ حکام کے بموجب چین سے آنے والا 37 سالہ شخص بنگلورو میں کووِڈ پازیٹیو پایا گیا۔
دیگر 11 مسافرین ہائی رسک ممالک سے آئے ہیں۔ ان میں 4 کو خانگی دواخانہ میں کورنٹائن کردیا گیا اور مابقی کو ہوم کورنٹائن کیا گیا ہے۔ سبھی نمونے جینوم سیکوینسنگ کے لئے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی بھیج دیئے گئے ہیں۔ رپورٹ منگل کی صبح تک متوقع ہے۔ چین سے آنے والا 37 سالہ شخص اترپردیش کے آگرہ سے تعلق رکھتا ہے۔ تمام 12 مسافرین کا گزشتہ 3 دن میں بنگلورو ایرپورٹ میں ٹسٹ کیا گیا تھا۔
ریاستی محکمہ صحت پریشان ہے۔ اسی دوران بہار کے بودھ گیا میں 5 بیرونی شہری کووِڈ 19پازیٹیو پائے گئے۔ یہ لوگ کال چکر پوجا میں شرکت کے لئے 20 دسمبر کو تھائی لینڈ سے بودھ گیا آئے تھے۔ چاروں کو بودھ گیا میں ان کی ہوٹلوں میں الگ تھلگ کردیا گیا جبکہ ایک خاتون دوسری مرتبہ رپورٹ نگیٹیو آنے کے بعد دہلی چلی گئی۔ گیا کے سیول سرجن کمل کشور رائے نے بتایا کہ ہمیں پتہ چلا تھا کہ کال چکر پوجا کے لئے آئے 32 غیرملکیوں کو سردی اور کھانسی ہے۔
ہم نے ضلع مجسٹریٹ (کلکٹر) کی ہدایت پر ان کا آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کیا اور پایا کہ 5 کو کورونا ہوا ہے۔ بودھ گیا میں ہر سال کال چکر پوجا ہوتی ہے اور دنیا بھر سے لوگ اس میں حصہ لینے آتے ہیں۔ جاریہ سال 50 ممالک سے تعلق رکھنے والے بدھ راہبوں‘ بدھ مت کے ماننے والوں اور بیرونی شہریوں نے اس کے لئے رجسٹریشن کرایا تھا۔