تلنگانہ

تلنگانہ پردیش کانگریس میں بحران مزید گہرا

تلنگانہ پردیش کانگریس کے 13 قائدین جنہوں نے پہلے تلگودیشم پارٹی کو خیرآباد کہہ کر کانگریس میں شامل ہوئے تھے، کے پارٹی عہدوں سے مستعفی ہونے کے اعلان کے بعد پارٹی میں بحران مزید سنگین شکل اختیار کرگیا ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ پردیش کانگریس کے 13 قائدین جنہوں نے پہلے تلگودیشم پارٹی کو خیرآباد کہہ کر کانگریس میں شامل ہوئے تھے، کے پارٹی عہدوں سے مستعفی ہونے کے اعلان کے بعد پارٹی میں بحران مزید سنگین شکل اختیار کرگیا ہے۔

نریندرریڈی، سیتا اکا، وجئے راماراؤ، ایرا شیکھر اور دیگر قائدین نے کہاکہ وہ اپنے مکتوبات استعفیٰ کارگزار صدر پردیش کانگریس کو روانہ کریں گے۔ تلنگانہ میں ”کانگریس بچاؤ“ مہم شروع کرنے سے متعلق پارٹی کے چند سینئر قائدین کے اعلان کے ایک دن بعد 13 قائدین نے پارٹی کے عہدو سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔

پارٹی کے سینئر قائدین نے ہفتہ کے روز ٹی ڈی پی سے کانگریس میں شامل ہونے والے قائدین سے پارٹی کو بچانے کی مہم شروع کرنیکا اعلان کیا تھا۔ ان سینئر قائدین کا کہنا ہے کہ کانگریس کے حقیقی قائدین اور ٹی ڈی پی سے پارٹی میں شامل قائدین کے درمیان اصل لڑائی ہے۔

اس سارے واقعہ کو موجودہ صدر پردیش کانگریس اے ریونت ریڈی کے خلاف عملاً بغاوت کے طورپر دیکھا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ اے ریونت ریڈی بھی، چند سال قبل تلگودیشم پارٹی سے کانگریس میں شامل ہوئے تھے۔ دریں اثناء ریونت ریڈی کا گروپ، پارٹی کے سینئر قائدین کے الزامات کا جواب دینے کی منصوبہ بندی کررہا ہے جو حالیہ تشکیل شدہ مجلس عاملہ میں ٹی ڈی پی سے آئے ہوئے قائدین کو نمائندگی دینے پر ناخوش ہے۔

یہ گروپ، ناراض قائدین کے الزامات کا جواب دینے کی کوشش کررہا ہے اور یہ باور کرانے کی کوشش کررہا ہے کہ ناراض قائدین کے الزامات سے تنظیم کا ڈھانچہ کمزور ہورہا ہے۔ دوسری اہم پیشرفت یہ ہے کہ پارٹی کی مرکزی قیادت تلنگانہ پردیش کانگریس کے حالات پر ناخوش دکھائی دے رہی ہے۔

اے آئی سی سی کے انچارج سکریٹریز بتایاجاتا ہے کہ ناراض قائدین کے ساتھ ربط میں ہے۔ پارٹی کے مرکزی چند قائدین ممکن ہے کہ پیر کے دن ناراض قائدین سے ملاقات کریں گے۔ پارٹی کے سینئر قائدین جنہوں نے ابتداء سے ہی اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز کانگریس سے کیا ہے، نے ہفتہ کے روز اعلان کیا کہ وہ ٹی ڈی پی سے کانگریس میں شامل قائدین سے پارٹی کو بچانے کی مہم شروع کررہے ہیں۔

سینئر قائدین کا اجلاس کل، سی ایل پی قائد ملو بھٹی وکرامارکہ کے مکان پر منعقد ہوا تھا جس میں سابق صدر ٹی پی سی سی این اتم کمارریڈی، ایم ایل اے جگاریڈی، مدھو یاشکی گوڑ، دامودھر راج نرسمہا، اے مہیشورریڈی اور دیگر شریک تھے۔