تلنگانہ

جنگاؤں میں ٹی آر ایس اور بی جے پی کارکنوں میں تصادم

جنگاؤں کے گاؤں دیوروپولہ میں صدر ریاستی بی جے پی بنڈی سنجے کی پرجاسنگرام پدیاترا کے دوران ٹی آرایس اوربی جے پی کے کارکنوں میں جھڑپ ہوگئی۔

حیدرآباد۔: جنگاؤں کے گاؤں دیوروپولہ میں صدر ریاستی بی جے پی بنڈی سنجے کی پرجا سنگرام پد یاترا کے دوران ٹی آرایس اوربی جے پی کے کارکنوں میں جھڑپ ہوگئی۔

دونوں گروپس نے ایک دوسرے پرحملہ کیا اور پتھربرسائے۔ اس واقعہ میں ٹی آرایس اوربی جے پی دونوں کے کارکن زخمی ہوگئے۔اطلاع کے مطابق بنڈی سنجے نے اپنی تقریر میں الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر‘بیروزگارنوجوانوں کو روزگار فراہم کرانے میں ناکام رہے۔

ان کی اس تقریر پر ٹی آرایس کے کارکنوں نے سخت اعتراض کیا اوربنڈی سنجے سے سوال کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہرسال 2کروڑ نوجوانوں کوروزگاردینے کاوعدہ کیا تھا۔

انہوں نے بنڈی سے سوال کیا کہ اب تک مودی نے کتنے نوجوانوں کوسرکاری ملازمت دی ہے جس پر دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے لگائے اور ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا۔پولیس نے طاقت کا استعمال کرکے انہیں وہاں سے ہٹادیا۔ بنڈی سنجے نے ڈی جی پی مہندر ریڈی کوفون کرکے اس واقعہ کی اطلاع دی۔

انہوں نے کہاکہ وہ ٹی آرایس کے حملوں سے خوف زدہ نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ پولیس کی ناکامی کے باعث یہ واقعہ پیش آیا ہے۔ کے سی آر عوام کے مسائل حل نہیں کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ چیف منسٹرکے سی آر اپنا رویہ تبدیل نہیں کریں گے تو عوام انہیں سبق سکھائیں گے۔ بتایا جاتاہے کہ اس واقعہ پر بطوراحتجاج بنڈی سنجے نے سیکوریٹی عملے کوہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بی جے پی کارکن ہی ان کی حفاظت کریں گے۔