جنوبی بھارت

گورنر کیرالا کی ہدایت، وائس چانسلرس نے بھی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا

مختلف کیرالا یونیورسٹیوں کے 9 وائس چانسلرس جنہیں گورنر عارف محمد خان نے یونیورسٹی چانسلرس کی حیثیت سے آج صبح 11:30 بجے سے قبل مستعفی ہونے کہا نے مستعفی ہونے سے انکار کردیا۔

ترواننتا پورم: مختلف کیرالا یونیورسٹیوں کے 9 وائس چانسلرس جنہیں گورنر عارف محمد خان نے یونیورسٹی چانسلرس کی حیثیت سے آج صبح 11:30 بجے سے قبل مستعفی ہونے کہا نے مستعفی ہونے سے انکار کردیا۔

وائس چانسلرس کیرالا گورنر کی ہدایت کے خلاف ریاستی ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے۔ کیرالا گورنر نے اتوار کے دن ایک فقید المثال اقدام کرتے ہوئے 9 یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں کو اپنے عہدوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت جاری کی ہے۔

گورنر نے سپریم کورٹ کے ایک فیصلہ کی بنیاد پر یہ ہدایت جاری کی، جس میں کیرالا ٹیکنیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو انتخابی عمل میں نقائص کے سبب عہدہ سے مستعفی ہونے کہا گیا تھا۔

گورنر کا یہ حکم بائیں بازو محاذ کی حکومت کے لیے ایک دھکا ثابت ہوا۔ چیف منسٹر پنا رائی وجین نے آج ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وائس چانسلروں کو مستعفی ہونے کی ضرورت نہیں۔ چیف منسٹر کیرالا نے یہ بھی کہا کہ گورنر کو ریاست میں بڑے پیمانہ پر احتجاج کا سامنا کرنا ہوگا۔