کھیل

دراویڈ کو آرام۔ نیوزی لینڈ دورہ کیلئے لکشمن کوچ

ٹیم انڈیا کے سینئر کھلاڑیوں کو نیوزی لینڈ کے دورہ کیلئے آرام دیا گیاہے۔ اب اس سیریز کیلئے ہیڈ کوچ راہول دراویڈ کو بھی آرام دیا گیا ہے۔

ممبئی: ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد اب ہندوستانی ٹیم کو نیوزی لینڈ کا دورہ کرناہے۔ نیوزی لینڈ اور ہندوستان کے درمیان سیریز 18 نومبر سے شروع ہونے جارہی ہے۔ اس سیریز میں تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ونڈے میچ کھیلے جائیں گے۔

ٹیم انڈیا کے سینئر کھلاڑیوں کو نیوزی لینڈ کے دورہ کیلئے آرام دیا گیاہے۔ اب اس سیریز کیلئے ہیڈ کوچ راہول دراویڈ کو بھی آرام دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ڈائرکٹر اور سابق تجربہ کار بلے باز وی وی ایس لکشمن ٹیم انڈیا کے قائم مقام ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔

دراویڈ کے ساتھ ساتھ ان کے پورے کوچنگ اسٹاف کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد آرام دیا گیا ہے۔ اس میں بولنگ کوچ پارس مہامبرے اور بیٹنگ کوچ وکرم راٹھور بھی شامل ہیں۔ ہندوستانی ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 18 نومبر کو ویلنگٹن میں کھیلے گی۔

اس سیریز کیلئے روہت شرما، ویراٹ کوہلی، کے ایل راہول اور اشون جیسے کھلاڑیوں کو آرام دیا گیاہے۔ اس کے علاوہ اب چیف کوچنگ اسٹاف بھی اس دورے سے باہر ہوگیا۔ بی سی سی آئی کے ایک ذریعہ نے بتایاکہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی ٹیم لکشمن کی قیادت میں نیوزی لینڈ میں ٹیم میں شامل ہوگی۔

ان میں ایکٹنگ بیٹنگ کوچ کے طورپر رشی کیش کانیتکر اور ایکٹنگ بولنگ کوچ کے طورپر سائراج بہوتلے شامل ہیں۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب لکشمن ٹیم انڈیا کے کوچ کا عہدہ سنبھالیں گے۔ اس سے قبل وہ زمبابوے اور آئرلینڈ کے دورے پر ٹیم انڈیا کے کوچ بھی رہ چکے ہیں۔

حال ہی میں وہ جنوبی افریقہ کے خلاف گھریلو ونڈے سیریز میں بھی ٹیم انڈیا کے ساتھ تھے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کیلئے ٹیم انڈیا: ہاردک پانڈیا (کپتان)، رشبھ پنت (نائب کپتان اور وکٹ کیپر)، شبمن گل، ایشان کشن، دیپک ہڈا، سوریہ کمار، شریاس ایئر، سنجو سیمسن، واشنگٹن سندر، چہل، کلدیپ یادو، ارشدیپ سنگھ، ہرشل پٹیل، محمد سراج، بھونیشور کمار، عمران ملک۔