انٹرٹینمنٹسوشیل میڈیا

مسلم طالبہ کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے الوارجن کا اعلان

الاپوزہ(کیرالا): فلموں کے تمام ہیروزحقیقی زندگی میں بھی ہیرونہیں ہوتے لیکن جنوبی ہند کے اداکارالوارجن نے ثابت کردیاہے کہ وہ یقیناً اس قسم کے انسان ہیں۔

فلم”پشپا“ کے اداکارنے کیرالا کی ایک ذہین طالبہ کی مدد کا تیقن دیاہے جواپنی نرسنگ کی تعلیم جاری رکھنے کیلئے جدوجہد کررہی تھی۔

الوارجن نے اسے تیقن دیاکہ وہ اس کے4 سالہ کورس کے تمام اخراجات برداشت کریں گے۔ الاپوزہ کے ضلع کلکٹر وی آرکرشناتیجانے اپنے فیس بک پیج کے ذریعہ الوارجن کے اس فراخدلانہ اقدام سے واقف کرایا۔

کلکٹر نے جمعرات کے روز اپنے فیس بک پوسٹ میں بتایاکہ یہ طالبہ جوایک مسلم لڑکی ہے ان سے ملاقات کیلئے آئی تھی تاکہ اپنی تعلیم جاری رکھنے کیلئے مدد حاصل کرسکے۔

انٹرمیڈیٹ سال دوم کے امتحانات میں اس نے92 فیصد نشانات حاصل کئے تھے لیکن گذشتہ سال کووڈ19کی وجہ سے اپنے والد کی موت کے بعد مالی دشواریوں کے سبب اپنی تعلیم جاری رکھنے سے قاصر تھی۔

تیجانے کہاکہ میں اس کی آنکھوں میں امید اور اعتماد دیکھ سکتاتھا لہذا ہم نے ایک پراجکٹ کے حصہ کے طورپر اس کی مدد کویقینی بنانے کا فیصلہ کیا۔

یہ لڑکی نرس بننا چاہتی تھی حکام نے کئی کالجس سے ربط پیداکیا اورآخرکارضلع کے ایک خانگی کالج میں اس نے داخلہ حاصل کرلیا۔

دوسری رکاوٹ اس کے تعلیمی اخراجات کی کفالت کیلئے کسی اسپانسر کوتلاش کرناتھا۔ اس عہدیدار نے جس کاتعلق آندھراپردیش سے ہے بتایاکہ اس نے تلگو فلموں کے سوپر اسٹارالوارجن سے رابطہ کیاتاکہ مدد حاصل کرسکے اور الوارجن نے فوری حامی بھرلی۔