دونوں شہروں میں عیدالاضحی، جذبہ ایثار وقربانی کے ساتھ منائی گئی
دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں عید الاضحی جذبہ ایثار وقربانی اورسنت ابراہیمؑ پر عمل پیرا ہوتے ہوئے منائی گئی۔ تاہم مسلسل بارش کی وجہ سے جوش وخروش میں کمی دیکھی گئی۔
حیدرآباد: دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں عید الاضحی جذبہ ایثار وقربانی اورسنت ابراہیمؑ پر عمل پیرا ہوتے ہوئے منائی گئی۔ تاہم مسلسل بارش کی وجہ سے جوش وخروش میں کمی دیکھی گئی۔
مسلمانوں نے زیادہ ترعیدکی نمازمقامی مساجد میں ادا کی۔ عیدگاہ میرعالم‘مکہ مسجد اور عیدگاہ مادناپیٹ میں بھی ہزاروں مسلمانوں نے نمازعید ادا کی۔ عیدگاہ میرعالم پر عید کا سب سے بڑااجتماع دیکھاگیا جہاں تقریباً 30ہزار کے قریب مسلمانوں نے نماز عید ادا کی۔
مولانا محمدرضوان قریشی نے امامت کی اور خطبہ دیا۔ قبل ازیں ڈاکٹر سیف اللہ (جامعہ نظامیہ)اورمولانامحمدحسام الدین ثانی جعفرپاشاہ نے اپنے خطابات میں فضائل عید بیان کئے۔ مولانا حسام الدین نے کہاکہ قربانی صرف دنبہ کو ذبح کرنے کا نام نہیں ہے بلکہ جذبہ ایثاء وقربانی کی علامت ہے۔ قربانی سے غروروتکبر‘نفرت وعدوات مٹ جاتا ہے۔
قربانی سے جانور کے بال برابر گناہ معاف ہوجاتے ہیں۔ المسلمین کوسنت ابراہیمؑ پرعمل پیراہونے کی تلقین کی۔ نمازوں کی پابندی اور گھروں میں پابندی کے ساتھ قرآن کریم کی تلاوت کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے صاف صفائی کا خاص خیال رکھنے اور دوسروں کوکسی قسم کی تکلیف نہ پہنچانے اور پڑوسیوں کا خیال کرنے کی تلقین کی۔
انہوں نے کہاکہ یہ (ہندوستان) ہمارا ہے حضوراکرم ؐ نے ہمیں وطن عزیز (ملک) سے محبت کرنے اورانسانوں سے پیارومحبت کے ساتھ پیش آنے کی ہدایت دی ہے۔ شادیوں میں شان وشوکت‘فضول خرچی اور شورشرابے پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ شادی رقعوں پر اللہ کانام اور سنت نکاح تحریر کیا جاتا ہے اور مسجد میں نکاح کیاجاتاہے۔
اس کے بعد سڑکوں پرباجہ نوازی اور شورشرابہ کیا جاتا ہے۔ آخر مرنے کے بعداللہ کو کیا جواب دیں گے۔وقف بورڈ کی جانب سے عیدگاہ میرعالم پر ویجلنس بورڈآفیسر خواجہ معین الدین کی نگرانی میں نمازعیدکے وسیع ترانتظام کئے گئے تھے۔ کمشنرپولیس سی وی آنندسیکوریٹی انتظامات کی راست نگرانی کررہے تھے۔
جی ایچ ایم سی‘ محکمہ برقی اور واٹرورکس کی جانب سے بھی صفائی‘برقی وپانی کی سربراہی کے انتظامات کئے گئے۔ تاریخی مکہ مسجد اورعیدگاہ مادنا پیٹ میں بھی ہزاروں مسلمانوں نے نمازعیدادا کی۔ شہر کی بعض عیدگاہوں میں بارش کا پانی جمع ہونے سے عیدکی نمازادا نہیں کی گئی۔نماز عید کے بعد مسلمانوں نے قربانی میں مصروف ہوگئے۔