دہلی

روپیہ ڈالر کے مقابلہ میں مضبوطی سے کھڑا ہے: نرملا سیتارامن

نرملاسیتارامن نے کہا کہ اگرچہ یہ ریزرو بینک کا معاملہ ہے، پھر بھی حکومت ریزرو بینک کے ساتھ مسلسل بات چیت کر رہی ہے کہ اس صورتحال سے کیسے نمٹا جائے۔

نئی دہلی: وزیرفینانس نرملا سیتا رمن نے منگل کے روز کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا، روس-یوکرین جنگ اور دیگر منفی حالات کے باوجود روپیہ ڈالر کے مقابلے نسبتاً مضبوط ہے اور دیگر کرنسیوں سے بہت بہتر بوزیشن میں ہے۔

سیتا رمن نے اس دعوے کو سختی سے مسترد کیا کہ روپیہ ڈالر کے مقابلے میں لڑکھڑایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روپیہ ڈالر کے مقابلے مضبوطی سے کھڑا ہے۔ وزیر فینانس نے راجیہ سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران ضمنی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ تمام منفی حالات کے باوجود ڈالر کے مقابلے روپیہ کی پوزیشن دنیا کی دیگر کرنسیوں کے مقابلے اچھی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ ریزرو بینک کا معاملہ ہے، پھر بھی حکومت ریزرو بینک کے ساتھ مسلسل بات چیت کر رہی ہے کہ اس صورتحال سے کیسے نمٹا جائے۔انہوں نے کہا کہ ریزرو بینک کی مداخلت روپیہ کی قیمت متعین کرنے کے لیے نہیں ہے، بلکہ تلاطم خیز ماحول سے نمٹنے کے لیے ہے۔

 انہوں نے کہا کہ مکمل صورتحال کو ایک تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے اور یہ کہا جا سکتا ہے کہ روپیہ اپنے فطری ڈگر پر چلنے کا راستہ تلاش کر رہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ کہنا درست نہیں کہ ڈالر کے مقابلے روپیہ بری طرح پھسل رہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ یہ قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا معاملہ ہے اور اس تناظر میں دیکھا جائے تو دوسری کرنسیوں کے مقابلے روپیہ کی حالت بہت اچھی ہے۔ایک رکن کی جانب سے روپے کی حالت کو بہتر بنانے کے لیے بیرون ملک مقیم ہندوستانی باشندوں سے رقم طلب کرنے کی تجویز پر انہوں نے کہا کہ وہ اس پر غور کریں گی۔

a3w
a3w