تلنگانہحیدرآباد

سل فون کی گمشدگی، بنڈی سنجے کی پولیس میں شکایت

تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کمار نے کریم نگر پولیس میں ایک شکایت درج کراتے ہوئے یہ دعوی کیا کہ پرچہ سوالات لیک کیس کے سلسلہ میں حالیہ دنوں انہیں حراست میں لینے کے دوران ان کا سل فون کہیں کھوگیا ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کمار نے کریم نگر پولیس میں ایک شکایت درج کراتے ہوئے یہ دعوی کیا کہ پرچہ سوالات لیک کیس کے سلسلہ میں حالیہ دنوں انہیں حراست میں لینے کے دوران ان کا سل فون کہیں کھوگیا ہے۔

انہوں نے پولیس سے خواہش کی کہ وہ ان کے سل فون کاپتہ لگائے۔ ورنگل پولیس نے ایس ایس سی پیپر لیک کیس میں بنڈی سنجے کو جو کریم نگر ایم پی بھی ہیں‘ 5اپریل کی شب کریم نگر سے گرفتار کیاتھا۔

انہوں نے اتوار کے روز پولیس میں میں شکایت درج کرائی اور کہاکہ 4 اور5 اپریل کی درمیانی شب‘کریم نگر پولیس کی جانب سے گرفتار ی کے دوران میرا سل فون کہیں کھوگیا۔

کریم نگر پولیس نے گرفتاری کے بعد بنڈی سنجے کو ویان کے ذریعہ بملا را مم پی ایس منتقل کردیاتھا۔ انہوں نے مزید کہاکہ سفر کے دوران انہیں احساس ہوا کہ ان کا سل فون گم ہوگیاہے۔

اس دوران میں نے ویان میں سفر کے دوران موجود پولیس عہدیداروں کے علم میں بھی یہ بات لائی تھی۔ عدالتی تحویل میں دینے کے بعد بنڈی سنجے نے اپنے وکلا کو بتایا کہ ان کا سل فون کھوگیا ہے۔

بی جے پی قائد نے اپنی شکایت میں کہاکہ مجھے یاد ہے کہ حراست میں لیتے وقت میرا فون میرے ساتھ تھا۔ انہوں نے پولیس سے خواہش کی کہ وہ ان کے فون کا پتہ لگانے کی مساعی انجام دے کیونکہ اس فون میں رابطہ کے تمام نمبرات او رپارٹی سے مربوط اہم معلومات کا ذخیرہ ہے۔